آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے امریکی سفارت خانے کے پولیس ایڈوائزر ایڈ پریسٹن کی ملاقات ، انسداد جرائم،پبلک سیفٹی اور انفراسٹرکچر کی ترویج میں باہمی تعاون کو بڑھانے پر اتفاق

6

لاہور07جون ( اے پی پی ): آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے امریکی سفارت خانے کے پولیس ایڈوائزر ایڈ پریسٹن(Mr. Ed Preston)نے  ملاقات کی۔ایڈ پریسٹن(Mr. Ed Preston) امریکی ایمبیسی کے انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لاء انفورسمنٹ افئیرز سیکشن سے منسلک ہیں۔ دوران ملاقات انسداد جرائم،پبلک سیفٹی اور انفراسٹرکچر کی ترویج میں باہمی تعاون کو بڑھانے پر اتفاق رائے ہوا۔ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس کے ٹریننگ نصاب کو انفارمیشن شئیرنگ اور باہمی تعاون سے ری ڈیزائن کیا جائے گااورانسداد جرائم کیلئے پنجاب پولیس کو جدید ٹیکنالوجی، پیشہ ورانہ تربیت اور ساز و سامان کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی اس سلسلے میں امریکی پولیس کے تجربے سے استفادہ کرتے ہوئے پنجاب پولیس تربیتی میکانزم اور انفراسٹرکچر کو اپ گریڈ کیاجائے گا۔ آئی جی پنجاب نے امریکی پولیس ایڈوائزر کو ڈیش بورڈ پر پنجاب پولیس کی جدید ایپلی کیشنز اور پراجیکٹس بارے آگاہ کیا اور کہا کہ ڈیش بورڈ پولیس اسٹیشن ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم، سی آر او، ویمن سیفٹی ایپ،تحفظ سنٹرز و دیگر جدید پراجیکٹس سے منسلک ہے۔پنجاب پولیس کے اہم پیشہ ورانہ امور کی تمام تفصیلات پولیس ڈیش بورڈ پر صرف ایک کلک پر دستیاب ہیں۔آئی جی پنجاب نے امریکی پولیس ایڈوائزر کو ہیومن ریسورس موبائل ایپلی کیشنز کے فیچرز اور ورکنگ سے بھی آگاہ کیا۔ امریکی پولیس ایڈوائزر نے جرائم کنٹرول میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے موثر استعمال کو قابل ستائش قرار دیااور کہا کہ منشیات کے قلع قمع اور انسداد جرائم میں پنجاب پولیس کے ساتھ مشترکہ اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ملاقات کے اختتام پر آئی جی پنجاب اور امریکی پولیس ایڈوائزر کے مابین یادگاری سووینئرز کا تبادلہ بھی کیا گیا۔ ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ ذوالفقار حمید، ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ راجہ رفعت مختار، ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ طارق رستم چوہان، ڈی آئی جی آئی ٹی احسن یونس ، اے آئی جی ٹریننگ فیصل مختار سمیت دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔