لاہور،01 جون(اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے سینیٹر چوہدری جعفر اقبال نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی ہے،ملاقات میں ملک کی موجودہ صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام ناممکن ہے، ملک میں اقتصادی طور بے پناہ چیلنجز ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے پر عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی اتحاد و یکجہتی میں ہے۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے اپنے سابقہ ادوار میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے مختلف کام کیے جن میں تعلیم، صحت کے شعبوں میں ترقی، موٹرویز اور نوجوانوں کے لیے نوکریوں کے مواقع فراہم کرنا سر فہرست رہا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کے غریب اور متوسط طبقے کی مالی مشکلات میں کمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اور ملک میں امن کے قیام کے لئے افواج پاکستان اور سکیورٹی فورسز کی انتھک کوششیں قابل تحسین ہیں۔
سینیٹر چوہدری جعفر اقبال نے گورنر پنجاب کو اپنے حلقے کے مسائل سے آگاہ کیا۔گورنر پنجاب نے ان مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔











