پشاور؛ اسپیشل چلڈرن اولمپکس2023 کی افتتاحی تقریب طہماش خان سٹیڈیم میں منعقد

18

پشاور، یکم جون(اے پی پی): ضلعی انتظامیہ  اور ڈسٹرکٹ اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ پشاور کے زیر اہتمام اسپیشل چلڈرن اولمپکس2023 کی افتتاحی   تقریب   طہماش خان سٹیڈیم میں منعقد ہوئی ۔ تقریب میں خصوصی  طور پر نگران وزیراعلی معاون خصوصی برائے محنت ملک مہر الہی، تنظیم تاجران سینیر وائس پریذیڈینٹ حاجی وحید،  ترجمان شہزاد احمد صدیقی نے شرکت کی۔

تقریب کے مہمان خصوصی کمشنر پشاور محمد زبیر نے نگران وزیر اعلی معاون خصوصی ملک مہر الہی ، پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیرو سرزمین پشاور کے سپوت محمد حارث اور دیگر اعلی کارکردگی پیش کرنے والے افسران کو اعزازی شیلڈ پیش کیں۔

ڈپٹی کمشنر پشاور شاہ فہد، ڈی جی سپورٹس کیپٹن ریٹائرڈ خالد محمود، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریلیف عمران خان،  اسسٹنٹ کمشنر پشاور راو ہاشم، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر جنید شاہ نے آنے والے تمام معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔

تقریب میں 250  کھلاڑیوں  نے حصہ لیا۔ تقریب کا مقصد پاکستان کے روشن مستقبل کے ان نونہار ستاروں کی حوصلہ افزائی کیساتھ مزید نوجوانوں کو ان کھیلوں کی طرف راغب کرنا اور معاشرے کو یہ درس دینا تھا کہ یہ معزور بچے بھی ہمارے معاشرے کا روشن مستقبل ہیں اور ان بچوں میں سے ہی عالمی دنیا میں سپورٹس کے میدان میں اعلی کارکردگی پیش کر کے ایوارڈز حاصل کرکے ملک پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔

اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کے تمام ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔