نائجیرین ہائی کمشنر  محمد بلو ابیوئےکا سیالکوٹ چیمبر آف کامرس  اینڈ انڈسٹری کا دورہ

6

سیالکوٹ،6جون(اے پی پی): نائجیرین ہائی کمشنر  محمد بلو ابیوئے نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس  اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا۔ دورہ کے موقع پر سینئرنائب صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری وہب جہانگیر  نے معزز مہمان کا چیمبر آمد پر پرتپاک استقبال کیا۔ سینئرنائب صدر چیمبر نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے   دونوں ممالک کے درمیان موجود تجارتی و سفارتی تعلقات کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ میں بڑی رکاوٹ بالواسطہ سورسنگ اور بینکنگ چینلز کی عدم دستیابی ہے جس کو بہتر بنا کر ہم دونوں ممالک کے درمیان موجود تجارتی حجم جو اس وقت صرف 126ملین ڈالر ہے میں خاطر خواہ اضافہ کر سکتے ہیں۔انہوں  نے مزید کہا کہ  اس میں کچھ شک نہیں کہ نائجیریا کی مارکیٹ میں سیالکوٹ میں پیدا ہونے والی اشیاء کی بہت زیادہ مانگ ہے لیکن پاکستان مصنوعات بالواسطہ ذرائع سے نائجیریا میں ایکسپورٹ  کی جاتی ہیں جس کے نتیجے میں ترسیل کا وقت زیادہ ہوتا ہے۔انہوں نے  معزز مہمان سے درخواست کی کہ وہ  نائجیریا کی تاجر برادری کو سیالکوٹ سے براہ راست خریداری کے لیے ترغیب دیں۔

 نائجیرین ہائی کمشنر  محمد بلو ابیوئے نے   سیالکوٹ چیمبر  آف کامرس کے شاندار استقبال پر انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سیالکوٹ چیمبر کے فروغ برآمدات اور علاقائی ترقی کےلئے قائم کردہ ترقیاتی منصوبوں کی تعریف کی اور دونوں ممالک کے درمیان موجود تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے  کی ضرورت پر زور دیا۔

 اجلاس میں سینئر نائب صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری   وہب جہانگیر کے علاوہ نائب صدر چیمبر عامر مجید شیخ،چیئرمین سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ خواجہ مسعود اختر ،  اراکین ایگزیکٹو کمیٹی اور چیمبر ممبران کی ایک قابل ذکر تعداد نے شرکت کی۔