وفاقی وزیر مرتضی جاوید عباسی نے لوئر گلیات کے تین دیہاتوں کیلئے سوئی گیس پائپ لائن کے منصوبے کا افتتاح کر دیا

44

گلیات،18 جون (اے پی پی ):وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور مرتضی جاوید عباسی نے لوئر گلیات کے تین دیہاتوں کے لئے 6.5 کلو میٹر سوئی گیس پائپ لائن کے منصوبے کا افتتاح کر دیا ہے، گلیات بڑا ہوتر ،سنگی میرا اور بیرن گلی کے لیے 1 کروڑ سے زاہد لاگت پر گیس لائن کی تنصیب کا منصوبہ مکمل ہوگا ۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مرتضی جاوید عباسی کا کہنا تھا اتحادی حکومت نے مشکل ترین حالات میں پاکستان کی ترقی کے خلاف سازشوں کو ناکام بنایا ہے اور اس کے خلاف وزیر اعظم میاں شہباز شریف ڈٹ کر کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کو سوئی گیس کی سہولت کی فراہمی کاایک خواب تھا جس میں آج سرخرو ہوئے ہیں، بہت جلد بانڈی ،میرا اور باغ میں بھی گیس فراہمی کے منصوبہ کا افتتاح کریں گے ۔

مرتضی جاوید عباسی  نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نے 2018 کے بعد ترقی کے رکے ہوئے پہیہ کو چلادیا ہے ،ملک میں مہنگائی کو کم کرنے کے لئے معاشی ٹیم نے کردار اداکیا ہے جس سے پٹرول 20 روپے اور ڈیزل 35 روپے فی  لیٹر کم ہوا ہے ۔آٹا کا 20 کلو کا تھیلا 34 سو روپے سے کم ہو کر 22 سو پر آچکا ہے جس میں مزید بھی کمی ہوگی۔

مرتضی جاوید عباسی کا کہنا تھا کہ  ہمارے مخالفین کہتے تھے ان پہاڑوں میں گیس کون لائے گا آج دیکھ لو پہاڑوں میں میاں نواز شریف اور مسلم لیگ ن  نے سوئی گیس کی سہولت فراہم کی ہے ۔

اس موقع پر مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر ملک محبت اعوان ،ضلعی جنرل سیکرٹری ذوالفقار جاوید عباسی اور سابق ایم پی اے سردار اورنگزیب نلوٹھہ بھی موجود تھے۔