بدین ؛ طوفان کے باعث ریلیف کیمپوں سے گھروں کو لوٹنے والوں میں راشن تقسیم

80

بدین ، 18 جون (اے پی پی ):ضلعی  انتظامیہ  نے پاک فوج، رینجرز اور پولیس کی مدد سے طوفان کے باعث ریلیف کیمپوں سے گھروں کو لوٹنے والے لوگوں میں راشن تقسیم کیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر بدین آغا شاہنواز خان نے  کہا کہ حکومت سندھ کی جانب سے ملنے والے راشن بیگ ان لوگوں میں تقسیم کئے جا رہے ہیں جو طوفان کی وجہ سے ساحلی پٹی سے آکر ریلیف کیمپوں میں مقیم تھے ان لوگوں کے گاؤں آکر ان کے گھر کی دہلیز پر پاک فوج، رینجرز اور پولیس کی مدد سے سامان تقسیم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے زیرو پوائنٹ ضلع سجاول اور تعلقہ شہید فضل راہو کے 6 مختلف دیہاتوں میں 1600 سے زائد خاندانوں میں راشن تقسیم کیا ہے جبکہ 500 سے اوپر خیمے بھی تقسیم کئے گئے ہیں۔

 دوسری جانب تحصیل بدین کے گاؤں ابراہیم شورو، گاؤں صالح ورڑ گاؤں گولو مندھرو اور دیگر گاؤں میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون نجیب الرحمان جمالی نے پاک فوج، رینجرز اور پولیس کے تعاون سے حکومت سندھ سے موصول ہونے والا سامان تقسیم کیا ہے جس میں 660 سے زائد راشن کے تھیلے اور خیمے بھی تقسیم کیے گئے ہیں۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر بدین آغا شاہنواز خان نے کہا کہ جن متاثرین کے مکانات یا املاک کو نقصان پہنچا ہے ان کے لیے آج سے سروے شروع کر دیا گیا ہے۔زیرو پوائنٹ ضلع سجاول میں ہے تاہم ضلع سجاول کی انتظامیہ کو سروے کے لیے ضلعی انتظامیہ ہر قسم کا تعاون فراہم کرے گی۔