لاہور، 14جون(اے پی پی):حقوق دانشوراں تنظیم پاکستان(آئی پی او) نے پنجاب انفارمشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے ارفع سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک میں بدھ کو منعقدہ ایک تقریب میں آرگنائزیشن کے درخواست دہندگان اور سٹیک ہولڈرز سے انٹلیکچوئل پراپرٹی کی درخواستیں وصول کرنے کے لیے ای فائلنگ سسٹم کا افتتاح کیا، یہ ترقی ٹریڈ مارک کی درخواستوں کو آن لائن فائل کرنے کے علاوہ اضافی خدمات کو بھی قابل بنائے گی جس سے درخواست دہندگان کیلئے لاگت اور وقت کی بچت ہوگی جبکہ سہولت کو یقینی بنایا جائے گا۔
انٹلیکچو ئل پراپرٹی آرگنائزیشن کی ڈائریکٹر جنرل شازیہ عدنان اور پنجاب انفارمشن ٹیکنالوجی بورڈ کے چیئرمین فیصل یوسف نے آن لائن ادائیگی کے ساتھ ٹریڈ مارک آن لائن فائلنگ سسٹم کے GO-LIVEکا اعلان کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی پی او پاکستان کی ڈی جی شازیہ عدنان نے کہا کہ آئی پی او پاکستان اپنے سٹیک ہولڈرز کو بغیر کسی پریشانی کے خدمات کی فراہمی کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن کے عمل میں آئی پی اوپاکستان اورپنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈدونوں کے افسران کی انتھک کوششیں شامل ہیں۔
شازیہ عدنان نے کہا کہ آن لائن جمع کروانے کے نئے نظام کی وجہ سے ٹریڈ مارک کی درخواستیں داخل کرنے کی لاگت اور وقت میں کافی حد تک کمی آئے گی جس سے درخواست دہندگان کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کاپی رائٹ، پیٹنٹ اور ڈیزائن سے متعلق درخواستوں کی وصولی کو بھی انہی خطوط پر ڈیجیٹل کرنے کے لئے لیا کام جاری ہے۔پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈکے چیئرمین فیصل یوسف نے آئی پی او پاکستان کو ان کی خدمات کی فراہمی کے عمل کو ڈیجیٹل بنانے میں تعاون کرنے کے اپنے عزم کا یقین دلایا۔
تقریب میں ڈی جی پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ(پی آئی ٹی بی) بزنس ڈویلپمنٹ صائمہ شیخ، ڈائریکٹر سید نیئر علی، آئی پی او پاکستان کے ڈپٹی ڈائریکٹرز کاشف لطیف ملک اور سید انجم رضا بخاری نے شرکت کی۔











