گوجرانوالہ؛علماء کرام منبر و محراب سے خاندانی منصوبہ بندی سے متعلق عوام میں آگاہی پیدا کریں ، ڈپٹی کمشنر

52

گوجرانوالہ،17 جون(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ فیاض احمد موہل نے کہا ہے کہ علمائے کرام ہمارے معاشرے کا بہترین سرمایہ ہیں جوکہ نسل کو سنوارنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، بہترین معاشرے کی تشکیل میں علما کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے ،علماء کرام منبر و محراب سے خاندانی منصوبہ بندی سے متعلق عوام کو خطبات جمعہ، خطبہ نکاح اور دیگر سماجی مذہبی تقاریب میں اسکی ترغیب دیں کیونکہ ہماری بقاء اسی میں مضمر ہے وسائل اور ابادی میں توازن سے ہی ایک خوشحال معاشرے کی تشکیل ممکن ہے اور اسی سے ملک و قوم کا مستقبل روشن ہو گا۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ پاپولیشن ویلفئیر اور گرین سٹار(TCI) کے زیر اہتمام “تولیدی صحت کی خدمات کا انتخاب سب کے لیے”کے عنوان سے علماء کرام کے معلوماتی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ فیاض احمد موہل نے کہا کہ اسوقت فوڈ سکیورٹی بہت بڑا مسئلہ ہے، ہاؤسنگ سوسائٹی کی بھرمار کی وجہ سے زراعت کے لئے رقبہ کم پڑ گیاہے جس کی وجہ سے پیداواری غلہ سے آبادی بڑھ گئی ہے جوکہ لمحہ فکریہ ہے۔انہوں نے کہا کہ بچہ ایک وائٹ پیپر کی مانند ہوتا ہے اور اسکی اچھی تربیت اس کا بنیادی حق ہے، علماء کرام ہمارے لئے مشعل راہ ہیں ،منبر و محراب سے بچوں کی تربیت سے متعلق خصوصی درس دیں تاکہ مل جل کر ایک تربیت یافتہ معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔

          ڈسٹرکٹ آفیسر پاپولیشن ویلفئیر عدنان اشرف نے خطبہء استقبالیہ پیش کرتے ہوئے محکمہ پاپولیشن ویلفئیر کی کارکردگی پر تفصیلی روشنی ڈالی اور شرکاء سیمینار کو تولیدی صحت، اس کے حقوق اور مستحکم ترقی کے اہداف سے متعلق آگاہ کیا جس کو سامعین نے گہری دلچسپی سے سنا۔ انہوں نے ماں اور بچے کی صحت اور صحت مند وقفہ پر طبی حوالے سے بھی روشنی ڈالی اور شرکاء کو تفصیلی آگاہی دی۔

پراونشل لیڈ شیخ انعام الرحمن ،ماسٹر ٹرینرقاری محمد اشرف شاکر ،مولانا جواد قاسمی، علامہ یاسین مجددی ،قاری محمد انس ظہیر اور دیگر علمائے کرام نے خاندانی منصوبہ بندی اسلام کی روشنی میں، پر جامع گفتگو کی۔ انہوں نے ماں اور بچے کی صحت کو خاندان اورمعاشرے اورملک کی اہم اکائی قراردیتے ہوئے اسلامی تعلیمات کی روشنی میں اس کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اس بات پرزوردیا کہ اسلام میں خواتین کو خصوصی حیثیت حاصل ہے لہذا انکی تولیدی صحت کا خصوصی خیال رکھا جانا انتہائی اہم ہے۔

آخر میں ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر عدنان اشرف نے تمام علماء کرام کا شکریہ ادا کیا اور اس بات کا اظہار کیا کہ معاشرے میں تربیت کا جو فقدان ہے علمائے کرام کی سرپرستی اور رہنمائی سے ہی اس پر قابو پایا جاسکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اولاد کی صحیح تربیت اور راہنمائی وقت کا اہم تقاضا ہے۔ ایک تربیت یافتہ بچہ ہی ایک مفید شہری بن سکتاہے۔ متوازن خاندان کا شعور اور ماں بچے کی صحت اور صحتمندانہ وقفے جیسے مسائل براہ راست اچھی تربیت کے متقاضی ہیں۔

تقریب سے حافظ گلفام ریاض ہاشمی ،اظہر حسین فاروقی ،اور صابر ترابی نے بھی خطاب کیا۔  ڈاکٹر سکینہ سرفراز،تحصیل آفیسر وقار احمد، گرین سٹارسےڈاکٹر عمارہ ،حاجی محمد یوسف کھوکھر،حافظ گلفام ریاض ہاشمی ،اظہر حسین فاروقی ،صابر ترابی ،ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر منورحسین کے علاؤہ تمام مسالک کی نمائندہ شخصیات آئمہ و علما نے کثیر تعداد میں سیمینار میں شرکت کی۔