انجینئرنگ کے طلبہ کے لئے انڈسٹری کے ساتھ انٹرن شپ اورمشترکہ تحقیقاتی پروگرام شروع کیے جائیں،سیکرٹری ہائرایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب

89

ملتان۔ 12 جولائی (اے پی پی):سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب محمد الطاف بلوچ نے محمد نواز شریف یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر سیکرٹری ہائر ایجوکیشن کو یونیورسٹی میں طلبہ کو فراہم کی گئی  سہولیات اور تعلیمی پروگرامز کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب نے وائس چانسلر کو ہدایت کی کہ جدید دنیا کے تعلیمی تقاضوں کے مطابق فوڈ انجینئرنگ اور فوڈ ٹیکنالوجی کے پروگرام شروع کیے جائیں جبکہ انجینئرنگ کے طلبہ کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے انڈسٹری کے ساتھ انٹرن شپ اور مشترکہ تحقیقاتی پروگرام شروع کیے جائیں اس کے علاوہ یونیورسٹی اپنے تحقیقاتی کام کی  روڈ شو کے ذریعے نمائش کرے اور طلبہ کو معاشی مدد فراہم کرنے کے لیے تحقیقات کو پیٹنٹ کروایا جائے، بہترین کارکردگی  والے طلبہ کو مالی امداد  فراہم کی  جائے اور فیس معاف کی جائے۔ اس موقع پر  وائس چانسلر نے یونیورسٹی کے نئے کیمپس میں جاری ترقیاتی کاموں  بارے بریفنگ دی۔  سیکرٹری ہائر ایجوکیشن نے ترقیاتی کاموں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔  اس موقع پر رجسٹرار ڈاکٹر محمد عاصم عمر ،ڈائریکٹر پلاننگ محمد ظہیر، رکن  ایڈوائزری کونسل ڈاکٹر محمد طارق اور سیکشن آفیسر محمد عامر ملک بھی موجود تھے۔