میر پور خاص ؛ محرم الحرام میں سکیورٹی انتظامات ،ایس ایس پی آفس میں امن کمیٹی ممبرا ن کا اہم اجلاس

47

میرپورخاص، 12 جولائی(اے پی پی ): محرم الحرام میں سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے ایس ایس پی میرپورخاص کیپٹن (ر) اسد علی چودھری کی جانب سے ایس ایس پی آفس میں امن  کمیٹی کے ممبران سے سکیورٹی کے حوالے سے اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ امن  کمیٹی کے نمائندگان نے شرکت کی،اجلاس میں محرم الحرام میں سیکیورٹی پلان کے حوالے سے بات چیت کی گئی اور سفارشات پیش کی گئیں۔

 اس موقع پر ایس ایس پی میرپورخاص کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کے سلسلے میں فول پروف سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے، تاہم کسی شخص کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں ہوگی بصورت دیگر اس کے ساتھ سختی سے نمٹا جائیگا۔

بعد ازاں ایس ایس پی میرپورخاص نے ڈسٹرکٹ امن کمیٹی کے نمائندگان سے دوران سیکیورٹی، امن و امان کے حوالے سے پیش آنے والے مسائل سنے ، بروقت ضروری ہدایات بھی جاری کیں اور یقین دہانی کروائی کہ محرم الحرام کے دوران فل پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔