اوکاڑہ،30جولائی(اے پی پی ):دریائے ستلج پر ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر درمیانے درجے کا جبکہ دریائے راوی پر ہیڈ بلوکی کے مقام پر نچلے درجے کے سیلابی ریلے گزر رہے ہیں۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال کی زیرِ نگرانی دونوں دریاؤں پر فلڈ ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن کیا جا رہا ہے۔
ریسکیو 1122 ذرائع کے مطابق ضلع اوکاڑہ کے دونوں دریاؤں پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو 1122 کی جانب سے امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں ، 4258 سے زائد متاثرین کو 133 سے زائد مال و مویشیوں کے ساتھ محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا جبکہ 2791 سے زائد افراد کو ٹرانسپورٹیشن کی سہولت فراہم کی گئی۔
دریائے ستلج اور دریائے راوی میں پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال میں ریسکیو 1122 کی جانب سے ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن تاحال جاری ہے ۔ ریسکیو ٹیموں کی جانب سے دونوں دریاؤں کے 11 مختلف مقامات پر ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن کیا جا رہا ہے۔دریائے ستلج پر 8 مقامات پر جبکہ دریائے راوی کے 3 مقامات پر ریسکیو پوسٹیں قائم ہیں۔
ریسکیو ٹیمیں 14 کشتیوں اور 40 سے زائد ریسکیورز کے ساتھ فلڈ ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن میں فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔دریائے ستلج پر 10 کشتیاں جبکہ دریائے راوی پر 4 کشتیوں کی مدد سے ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن کیا جا رہا ہے۔دونوں دریاؤں پر اب تک 4258 سے زائد افراد کو مال ومویشیوں سمیت سیلابی پانی سے متاثرہ مقامات سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیاجبکہ 2791 سے زائد افراد کو ٹرانسپورٹیشن کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔











