بھارت نے ستلج میں بھی پانی چھوڑ دیا، محسن نقوی کا گنڈا سنگھ والا بارڈر کے مقام پر دریا اور تلوار پوسٹ ریلیف کیمپ کا دورہ

10

لاہور12جولائی(اے پی پی): نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بھارت کی جانب سے دریائے ستلج میں پانی چھوڑے جانے کے بعد رات گئے گنڈا سنگھ والا بارڈر کے مقام پر دریا اور تلوار پوسٹ کے فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال قصور کا بھی دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے دریائے ستلج میں پانی کی صورتحال کا جائزہ لیا اور فلڈ ریلیف کیمپ میں کئے گئے امدادی انتظامات کا معائنہ کیا۔ محسن نقوی نے دریائے ستلج کے بیڈ میں موجود آبادیوں کے فوری انخلا کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ لوگوں کے ساتھ مویشیوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سیلابی پانی میں ڈوبنے والے بچے کی زندگی بچانے پر ڈی پی او قصور، اسسٹنٹ کمشنر اور ایس ایچ او کو شاباش دی۔  وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ دریائے ستلج میں پانی کی آمد و اخراج سے تمام متعلقہ اداروں کو لمحہ بہ لمحہ باخبر رکھا جائے۔ستلج کے بیڈ میں آبادیوں میں موجود لوگوں کا انخلاء پہلی ترجیح ہے۔بھارت کی جانب سے پانی چھوڑے جانے سے ستلج کے اردگرد اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ کردیا ہے اور لوگوں کے ساتھ مویشیوں کے انخلاء کے لئے اقدامات شروع کر دئیے ہیں۔وزیراعلیٰ محسن نقوی کو دریائے ستلج میں پانی کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔