ٹنڈومحمدخان؛  محرم الحرام کے دوران امن امان برقرار رکھنا ہم سب کی زمہ داری ہے، ڈپٹی کمشنر

10

ٹنڈومحمدخان،12 جولائی (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر یاسر بھٹی نے کہا کہ ضلع بھر میں محرم الحرام کے دوران امن امان کی صورتحال برقرار رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے، ضلع بھر میں کسی بھی محکمے کی جانب سے کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ کمپلیکس ہال میں منعقدہ اجلاس میں تمام مذاہب کے علماء کرام، تاجروں، شہریوں سمیت تمام محکموں کے افسران سے خطاب کے دوران کیا۔ ڈپٹی کمشنر یاسر بھٹی کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کے دوران ضلع میں امن، اتحاد اور بھائی چارے کی فضا کو برقرار رکھنے کے لیے تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام اور مذہبی رہنماء اپنا بھرپور کردار ادا کریں، مجالس کے دوران کسی بھی قسم کی شر انگیز تقاریر سے گریز کریں۔

 ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران ضلع میں امن و امان کی صورتحال کو مانیٹر کرنے کے لیے ضلعی سطح پر ایک واٹس ایپ گروپ بنایا جائے گا تاکہ تمام افراد ایک دوسرے سے رابطے میں رہ کر درپیش مسائل کو فوری طور پر حل کرسکیں۔

 ڈپٹی کمشنر یاسر بھٹی نے محکمہ صحت اور پی پی ایچ آئی کے افسرن کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران تمام اسپتالوں، صحت کے مراکز اور ماتمی جلوسوں میں ایمبولینسز کے ساتھ تمام ضروری ادویات، ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے تمام تحصیوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ امن و امان سمیت دیگر انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے تمام علمائے کرام سے رابطے میں رہیں اور ان سے ملاقاتیں کر کہ ماتمی جلوسوں کے روٹس کا دورہ بھی کریں۔

 ڈپٹی کمشنر نے حیسکو افسران کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ محرم الحرام کے دوران طویل لوڈشیڈنگ سے گریز کریں وہ ایسا شیڈول ترتیب دیں تاکہ رات کے اوقات میں بجلی کی فراہمی جاری رکھی جا سکے، حیسکو حکام نے شام 6 بجے سے رات ایک بجے تک لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے میونسپل کمیٹی سمیت  تمام ٹاؤن کمیٹی افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ محرم الحرام سے قبل شہر کی تمام سڑکوں بشمول مساجد، امام بارگاہوں اور جلوسوں کے گزرنے والے علاقوں کی صفائی کو مزید بہتر بنایا جائے۔

 اس موقع پر رینجرز کے ڈی ایس آر نثار احمد نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ایک جامع کنٹیجنسی پلان بنایا گیا ہے، امن خراب کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔