بہاولنگر،03 جولائی(اے پی پی):سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے افسوسناک واقعہ کے خلاف بہاولنگر پریس کلب کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں سول سوسائٹی اور صحافی برادری نے بھرپور شرکت کی۔ مظاہرین نے رفیق شاہ چوک سے میونسپل کمیٹی تک احتجاجی مارچ کیا اور ہاتھوں میں بینرز اٹھا کر شدید نعرے بازی کی رفیق شاہ چوک میں احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا۔
اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ قرآن پاک کی بے حرمتی کا واقعہ ناقابل برداشت ہے، شخصی آزادی کے نام پر مغرب میں مسلمانوں کے خلاف گھناؤنی سازش جاری ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ سوئیڈن کےساتھ تمام سفارتی تعلقات فوری ختم کئے جائیں۔











