تحفظ قرآن ہمارے ایمان کا حصہ ہے ،شیخ آفتاب احمد

18

حضرو۔ 07 جولائی (اے پی پی):سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن پنجاب سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد کی قیادت میں سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے افسوسناک واقعہ کے خلاف مرکزی جامعہ مسجد اٹک شہر سے ریلی نکالی گئی جو فوارہ چوک اٹک شہر پہنچی تو وہاں سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد، امیدوار صوبائی اسمبلی پی پی تھری شیخ ناصر محمود،ضلعی صدر محمد سلیم شہزاد نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کیا۔ اس موقع پر لیگی عہدیداران و کارکنان سمیت شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی ایسے واقعات کی کڑی ہے جو گائے بگاہے اسلام دشمن عناصر کی جانب سے کئے جاتے ہیں۔اسلام امن کا درس دیتا ہے یہی وجہ ہے کہ پاکستان میں عیسائی،سکھ, ہندو سمیت کئی غیر مسلم اقلیتیں آباد ہیں اور ان کے تمام تر حقوق کو مکمل قانونی تحفظ فراہم کیا گیا ہے اسی لئے یہاں کسی اقلیتی کو اپنے حقوق کے سلب ہونے کا کوئی اندیشہ نہیں، لیکن دنیا میں اسلام مخالف عناصر مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچا کر جو اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں ہم انہیں اس میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے تحفظ قرآن ہمارے ایمان کا حصہ ہے اس پر ہم کسی صورت بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔