حکومت کی اولین ترجیح ملک میں معاشی استحکام لانا اور ترقی کے سفر کو دوبارہ شروع کرنا ہے۔ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن

49

لاہور 04جولائی( اے پی پی ) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے آج یہاں گورنر ہائوس لاہور میں تاجر راہنما انجن تاجران خدمت گروپ ہال روڈ کے صدر بابر محمود نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی معاشی صورتحال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح ملک میں معاشی استحکام لانا اور ترقی کے سفر کو دوبارہ شروع کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو اس وقت مضبوط اقتصادی بنیاد کی ضرورت ہے جس کے لئے ہم سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت ملک کی معیشت کی بحالی اور مضبوطی کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلے کی طرح بزنس کمیونٹی اس مشکل گھڑی میں بھی حکومت کے ساتھ کھڑی ہے تاکہ ملک کو مشکلات سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ صنعتوں کا پہیہ چلتا ہے تو ملک میں سماجی اور اقتصادی ترقی ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ تاجر برادری ملکی معاشی ترقی میں حصہ ڈالنے کے ساتھ ساتھ فلاحی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ یہ بات قابل ستائش ہے کہ سیلاب کی تباہ کاریوں میں تاجر برادری نے سیلاب زدگان کی دل کھول کرمدد کی ہے اور متاثرین کو دوبارہ گھر تعمیر کر کے دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری اس طرح کے کارخیر کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں یہ اللہ پاک کی رضا کے ساتھ ساتھ ملکی اور عوامی خدمت بھی ہے۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے صدر ہال روڈ بابر محمود کو جنوبی پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 300 گھر تعمیر کر نے پر تعریفی شیلڈ پیش کی ۔ گورنر پنجاب نے ان کی اور تاجر برادری کی سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے کی گئی کاوشوں کو سراہا۔