ملتان،04 جولائی ( اےپی پی): کمشنر انجینئر عامر خٹک اور ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر کی طرف سے عید قربان پر مثالی صفائی پر ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے ورکرز کیلئے عید بونس کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں رضا ہال میں عملہ صفائی کے اعزاز میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ اس موقع پر انجنئیرعامر خٹک اور ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے سینٹری ورکرز کو عید بونس کا چیک پیش کیا جبکہ بہترین کارکردگی پر عملہ صفائی اور کمپنی افسران کو شیلڈز اور سرٹیفکیٹ سے بھی نوازا گیا۔ کمشنر انجینئر عامر خٹک نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ہیرو ورکرز نے بھرپور محنت سے عید قربان پر شہریوں کے دل جیتے اور شہر کو صاف رکھنے میں اپنا کردار ادا کیا۔انہوں نے کہاکہ پنجاب بھر میں ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے محدود وسائل اور کم بجٹ کے باوجود دوسری پوزیشن حاصل کی جو کہ ہمارے شہر کیلئے ایک اعزاز ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کمی کی حدود 68 سے بڑھا کر 92 کردی ہے جس سے شہر میں صفائی مزید بہتر کرنے میں مدد ملے گی۔عامر خٹک نے کہا کہ عید بونس ہمارے ہیروورکرز کی محنت اور لگن کا حقیر سا نذرانہ ہے اس بات کی خوشی ہے کہ سول سوسائٹی اور تمام مکاتب فکر نے صفائی صورتحال پر اظہار اطمینان کیا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے کہا کہ ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے عمدہ پلاننگ کے تحت 23 ہزار ٹن سے زائد آلائشوں کو اکھٹا کیا جو ایک ریکارڈ ہے اس کارروائی پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے ملتان میں کمپنی کی کارکردگی کو خصوصی طور پر سراہا۔عمر جہانگیر نے اعلان کیا کہ فیلڈ ورکز اور سپروائزز کو مزید خصوصی انعامات سے نوازا جائے گا۔سی ای او شاہد یعقوب نے کہاکہ مزید محنت سے شہر اولیاءکے باسیوں کو ریلیف فراہم کرینگے۔حکومت پنجاب نے مزید یونین کونسلز میں صفائی کی ذمہ داری سونپی ہے جس کو احسن طریقے سے نبھائیں گے۔سی ای او نے کہا کہ عید آپریشن کی طرز پر شہر کو صاف رکھنے کیلئے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہیں۔بعد ازاں تقریب پذیرائی میں مختلف زونز میں بہترین کارکردگی کے حامل سینٹری ورکرز اور سپروائرز کو خوشی انعامات سے بھی نوازا گیا۔











