سپیشل اکنامک زونز میں زراعت کیلئے خصوصی زون مختص کرنے پر اتفاق، محسن نقوی نے چنے اور دالوں کی پیداوار بڑھانے کیلئے پلان طلب کرلیا

16

لاہور،25جولائی ( اے پی پی ): نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں نقد آورفصلوں کی زیادہ پیداوار اور زراعت کے فروغ کیلئے پائیدار اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فصلوں کی زیادہ پیداوار حاصل کرنے کیلئے اعلیٰ معیار کے بیج اور معیاری زرعی ادویات کے حوالے سے تجاویز پر غور کیا گیا اور سپیشل اکنامک زونز میں زراعت کیلئے خصوصی زون مختص کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پنجاب میں چنے اور دالوں کی پیداوار بڑھانے کیلئے قابل عمل پلان طلب کرتے ہوئے کہا کہ دالوں کی پیداوار بڑھا کر ہر سال قیمتی زرمبادلہ بچایا جا سکتا ہے۔ غذائی خودکفالت کے ساتھ زرعی ایکسپورٹ کا فروغ ہمارا مشترکہ مشن ہے۔ شعبہ زراعت میں سرمایہ کاری کیلئے آسانیاں پیدا کر رہے ہیں اور سرمایہ کاروں کو ون ونڈو کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ محسن نقوی نے کہا کہ کارپوریٹ فارمنگ کے فروغ کیلئے پرائیویٹ سیکٹر کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ کسانوں کی خوشحالی اور زراعت کی ترقی کیلئے بڑے پیمانے پر اصلاحات لائی جا رہی ہیں۔ کسان ترقی کرے گا تو پاکستان ترقی کرے گا۔ اجلاس کے دوران پیسٹی سائیڈز اور سیڈ کمپنیو ں کے نمائندگان نے کہا کہ پنجاب میں کپاس کے زیرکاشت رقبے میں ریکارڈ اضافے کا کریڈٹ وزیراعلیٰ محسن نقوی اور ان کی ٹیم کو جاتا ہے۔ ویلیو ایڈڈ ایگریکلچر انڈسٹریز کے فروغ کیلئے قابل عمل اقدامات ناگزیر ہیں۔ فصلوں کیلئے واٹر مینجمنٹ کے پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور کھاد کے متناسب استعمال کو یقینی بنانے کیلئے کاشت کاروں کی کپیسٹی بلڈنگ کا اہتمام کیا جائے۔ پیسٹی سائیڈز اور سیڈ کمپنیو ں کے نمائندگان نے مختلف تجاویز پیش کیں،وزیراعلیٰ محسن نقوی نے قابل عمل تجاویز پر عملدآمد کی یقین دہانی کرائی۔ صو بائی وزراء ایس ایم تنویز، ابراہیم حسن مراد، چیف سیکرٹری، چیئرمین پلاننگ اینڈڈویلپمنٹ، سیکرٹریز زراعت، خزانہ، صنعت، متعلقہ حکام اور پیسٹی سائیڈ، زرعی انڈسٹری سے متعلق نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی۔ مقامی اور ملٹی نیشنل کمپنیو ں کے نمائندوں اور اپٹما کے عہدیداران فواد احمد مختار، احسن ظفر، ظہیر مہدی، اویس مشتاق پراچہ، آصف مجید، نادر نواز جعفر، شہزاد علی ملک، جواد سلیم قریشی، سعد اکبر خان، ذیشان حسیب بیگ، طلال حکیم، احمد علی، حسیب اسلم، عاطف کمال، منصور حیدر جاوید، عمران نصراللہ، حمیر اعجاز، سید یاور علی اور عامر الطاف قریشی بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔