سیکرٹری ہاؤسنگ جنوبی پنجاب کا خانیوال کا دورہ،295ملین ترقیاتی اسکیموں کا معائنہ

5

ملتان، 12جولائی(اے پی پی ): سیکرٹری ہاؤسنگ جنوبی پنجاب قیصر سلیم نے خانیوال کا دورہ کیا اور میاں چنوں میں جاری پی ایچ ای کی 295ملین کی جاری ترقیاتی اسکیموں کا معائنہ کیا اور ہدایات جاری کیں۔

اس موقع پر قیصر سلیم نے کہا کہ ترقیاتی سکیموں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ  کام کے معیار اور شفافیت پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،تمام اسکیموں کو مقررہ مدت میں بہتر انداز سے مکمل کیا جائے،اعلیٰ معیاری میٹیریل کے استعمال کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ میاں چنوں کی 20سے زائد یونین کونسلز اس منصوبے سے مستفید ہوں گی۔

سیکرٹری ہاؤسنگ نے سکیموں پر بریفنگ لی اور معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ غیر معیاری کام پر ٹھیکیدار کو ادائیگی نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ سیوریج اور صاف پانی کی اسکیموں کو ترجیحی بنیادوں پر جلد مکمل کرائیں گے۔انہوں نے کہا کہ  جنوبی پنجاب کے دور افتادہ مقامات پر سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہیں۔

اس موقع پر ایکسئین مہر نذر اور ڈپٹی سیکرٹری زاہد اقبال بھی موجود تھے۔