اسلام آباد،27جولائی (اے پی پی):نجکاری کمیشن کے بورڈ کا 210 واں اجلاس عابد حسین بھائیو کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ جمعرات کو یہاں منعقدہ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری، بورڈ ممبران اور وزارت/کمیشن کے سینئر حکام نے شرکت کی۔ موجودہ بورڈ ممبران کا یہ آخری اجلاس تھا۔ وزارت نجکاری کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق حکومت نے بورڈ کی تشکیل نو کی ہے جبکہ 8پیشہ ور ماہرین پر مشتمل سبکدوش ہونے والا بورڈ سال 2013ء میں تشکیل دیا گیا تھا ۔ چیئرمین نجکاری بورڈ عابد حسین بھائیو نے پی سی بورڈ کے ممبران کی سرکاری ملکیتی اداروں کی نجکاری اور پی سی آرڈیننس میں طے شدہ مقاصد کے حصول کے حوالے سے بہترین ممکنہ نتائج کے لئے فیصلے کرنے میں ان کی انتھک کوششوں کی تعریف کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حبیب بینک لمیٹڈ (ایچ بی ایل )، الائیڈ بینک لمیٹڈ (اے بی ایل )، یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ (یو بی ایل )، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل )، نیشنل پاور کنسٹرکشن کارپوریشن (این پی سی سی )، سروسز انٹرنیشنل ہوٹل (ایس آئی ایچ )، ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس (ایچ ای سی ) اور 10 سرکاری املاک کی نجکاری کو حتمی شکل دینے میں بورڈ کے اراکین اور نجکاری کمیشن کا تعاون اہم تھا۔ اجلاس میں نجکاری کمیشن کے معاملات اور فعال نجکاری کی فہرست میں شامل مختلف اداروں کی نجکاری کی موجودہ صورتحال کے بارے میں ایک جامع پیشکش بھی پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس کے دوران سبکدوش بورڈ ممبران نے اہم ذمہ داری سونپنے اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر اعتماد کرنے پر اظہار تشکر کیا اور کہا کہ بورڈ ممبران نے ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھانے میں وزارت نجکاری کے تعاون کا بھی اعتراف کیا۔ وفاقی وزیر نجکاری عابد حسین بھائیو نے کہا کہ نجکاری کمیشن سرکاری اداروں کی موثر اور شفاف نجکاری کو آسان بنانے کے اپنے مشن کے لیے پرعزم ہے اور ان مقاصد کے حصول کے لیے نجکاری کمیشن کی کوششوں کو مزید آگے بڑھائیں گے۔











