عام آدمی کو معیاری علاج معالجے کی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے کاوشیں کر رہے ہیں: وزیراعلیٰ پنجاب

6

لاہور، جولائی 12(اے پی پی): وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال قصو ر کے دورے کے دوران مریضوں اور ان کے تیمارداروں سے ملاقات کی اور ہسپتال میں فراہم کی جانے والی سہولتوں کے بارے میں پوچھا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی ایمرجنسی، بچہ وارڈ، کارڈیک، میڈیکل اور دیگر وارڈز میں مریضوں کے پاس گئے اور ان کی خیریت دریافت کی۔ مریضوں اور تیمارداروں نے ڈاکٹرز کی عدم موجودگی کی شکایات کیں۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ایم ایس ہسپتال کو ڈاکٹرز کی ڈیوٹی پر موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ فلڈ یونٹ کے لئے مختص بیڈز کو دیگر مریضوں کے لئے استعمال میں لایا جائے اور وارڈز میں اے سی فنکشنل ہونے چاہئیں۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہسپتال میں صفائی انتظامات کو مزید بہتر بنانے کا حکم دیا اور کہا کہ عام آدمی کو معیاری علاج معالجے کی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے کاوشیں کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے مریضوں کے علاج معالجے اور تیمارداروں کے دیگر مسائل کے حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے۔کمشنر لاہورڈویژن محمد علی رندھاوا بھی ہمراہ تھے۔