ڈیرہ غازیخان،22 جولائی(اے پی پی): غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان میں نئے تعلیمی سال لئے داخلوں کا سلسلہ جاری ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران کی ہدایت پر کنوینر ایڈمشن کمیٹی ڈاکٹر فیصل حسین کی زیر نگرانی داخلہ کے خواہشمند امیدواران اور ان کے والدین کی راہنمائی کے لیے ایڈمشن انفارمیشن ڈیسک قائم کر دیا گیاہے۔
ترجمان غازی خان یونیورسٹی کے مطابق یونیورسٹی میں آن لائن اپلائی کرنے کی سہولت بھی موجود ہے اور دوردراز کے علاقوں کے لوگ اپنے شہر میں بیٹھ کر انٹرنیٹ کے ذریعے یونیورسٹی کے کسی بھی ڈگری پروگرام میں آن لائن اپلائی کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ یونیورسٹی آنے پر ان کی رہنمائی کے لیے ایڈمشن ڈیسک پر سینئر اساتذہ موجودہیں جو ان کی رہنمائی کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ غازی یونیورسٹی مجموعی طور پر 78 ڈگری پروگرامز میں داخلوں کا آغاز کیا گیا ہے، جس میں نئے دور کے تقاضوں کے مطابق پندرہ نئے ڈگری پروگرام انٹرنیشنل ریلیشنز، بائیو ٹیکنالوجی، جیالوجی، بائیوکیمسٹری، مائیکروبیالوجی، کمپیوٹر سائنس، سافٹ وئیر انجینئرنگ، کرمنولوجی، ہیومن نیوٹریشن، ماس کمیونیکیشن، ڈیزاسٹر مینجمنٹ، بائیو اسٹیسٹک، عربی اور دیگر پروگرامز شروع کیے گئے ہیں۔











