ڈیرہ غازی خان؛ سیکیورٹی تھریٹ جاری ہونے پر ڈویژن میں سیکیورٹی پلان کا از سر نو جائزہ لینے کا فیصلہ

23

ڈیرہ غازی خان،22جولائی(اے پی پی): ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں عاشورہ محرم کے دوران سیکیورٹی تھریٹ جاری ہونے پر چاروں اضلاع میں سیکیورٹی پلان کا از سر نو جائزہ لینے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

اس حوالے سے ہفتہ کو یہاں کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر کی زیر صدارت محرم الحرام اور دیگر امور پر اجلاس منعقد ہوا۔کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے  کہا کہ محرم الحرام کےلئے فول پروف سیکیورٹی دی جائے اور مجالس و جلوسوں کی فول پروف سیکیورٹی کےلئے تحریری ڈیوٹی پلان بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ مجالس اور جلوسوں کا صرف ایک داخلی راستہ دیا جائے اور ڈویژن، ضلع کی صوبائی سرحدی چیک پوسٹوں اور داخلی راستوں کی کڑی نگرانی کی جائے۔

کمشنر نے کہا کہ مشکوک سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف  فوری کارروائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ  ڈویژن اور ضلع کے تمام راستوں کو سیل کردیا جائے عوام کی جان ومال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی امن میں خلل کی اجازت نہیں دی جائے گی،بغیر اجازت مجالس،جلوس اور سبیل کی اجازت نہیں ہوگی ،محرم الحرام کے قواعد و ضوابط پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔انہوں نے کہا کہ شعلہ بیاں مقررین کی زبان بندی، ڈویژن،ضلع میں داخلے پر پابندی کرائی جائے۔

اجلاس میں مجالس اور جلوسوں کی ویڈیو ریکارڈنگ اور بذریعہ سی سی ٹی وی مانیٹرنگ، غیر ملکی شہریوں اور اقلیتی عبادت گاہوں کی سخت سکیورٹی یقینی بنانے کے بھی احکامات جاری کیے گئے۔

اس موقع پر  آر پی او کیپٹن ریٹائرڈ سجاد حسن خان نے کہا کہ امن وامان قائم رکھنے کےلئے دیگر اداروں کے ساتھ بروقت معلومات کا تبادلہ کیا جائے گا۔ سپیشل برانچ اور دیگر اداروں کی رپورٹس پر فوری کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز مہر شاہد زمان لک ،محمد سلمان لودھی ،خالد پرویز اور ڈاکٹر منصور بلوچ ،چاروں اضلاع کے ڈی پی اوز اور متعلقہ افسران شریک ہوئے۔