قصور؛شہدا پولیس اور غازیوں کے اعزاز میں اخوت یونیورسٹی میں عید ملن پارٹی کا اہتمام

24

قصور،یکم جولائی(اے پی پی):شہدا پولیس اور غازیوں کے اعزاز میں اخوت یونیورسٹی میں عید ملن پارٹی کا اہتمام کیا گیا۔عید ملن پارٹی میں شہدا پولیس، غازیوں اور اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں کی فیملیز اور بچوں نے شرکت کی۔

 اخوت یونیورسٹی کے چیئرمین ڈاکٹر امجد ثاقب نے شہداء پولیس کی فیملیز اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے خوش آمدید کیا۔ عید ملن پارٹی کی رنگا رنگ تقریبات کا انعقاد چیئرمین اخوت یونیورسٹی ڈاکٹر امجدثاقب نے کیا۔ عید ملن پارٹی میں ڈی آئی جی محبوب اسلم کمانڈنٹ پولیس کالج چوہنگ نے اپنی آرگنائزیشن المارا کے زیر کفالت 100 بچوں سمیت شرکت کی۔ ڈی آئی جی محبوب اسلم، ڈاکٹر امجد ثاقب اور ڈی پی او طارق عزیز سندھو  نے پولیس شہدا اور غازیوں کے بچوں میں تحائف تقسیم کیے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین اخوت یونیورسٹی ڈاکٹر امجد ثاقب نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا، عیدالاضحیٰ کی خوشی کے موقع پر پولیس کے تمام شہداء اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

 ڈی پی اوقصورطارق عزیز سندھونے کہاکہ پولیس کے تمام شہدا ہمارے ہیرو جبکہ غازی ہماری شان ہیں، محکمہ پولیس ایک خاندان کی مانند ہے، خوشی کے موقع پر ہم سب اکٹھے ہیں۔

قصور پولیس فیملیز نے اخوت یونیورسٹی کے مختلف سیکشنز کا دورہ کیا اور اخوت یونیورسٹی کی خدمات کو سراہا۔

 عید ملن پارٹی کے موقع پر چیئرمین اخوت یونیورسٹی ڈاکٹر امجد ثاقب، ڈی آئی جی محبوب اسلم اور ڈی پی او قصور طارق عزیز سندھو پولیس فیملیز کیساتھ کھانا کھایا اور پولیس فیملیز  خوب لطف اندوز ہوئے۔