لاہور،یکم جولائی (اے پی پی): عید کے تیسرے روز بھی ضلعی انتظامیہ نے صفائی آپریشن کو جاری رکھا اور فیلڈ میں موجود رہی۔ ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے گڑھی شاہو، مغل پورہ، ہربنس پورہ اور والٹن کے علاقوں میں صفائی کے انتظامات کی چیکنگ کی اور صفائی آپریشن، آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے عمل کو چیک کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ 106 عارضی کولیکیشن پوائنٹس پر آلائشیں اکٹھی کر کے ڈمپنگ سائٹس پر لے جائی جا رہی ہیں، اب تک 48 ہزار ٹن آلائشیں ٹھکانے لگائی جا چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آلائشیں اٹھانے کے بعد عارضی کولیکیشن پوائنٹس کو مکمل صاف کیا جائے گا، مکمل دھلائی کر کے آلائشوں کی باقیات کو ختم کیا جائے تاکہ بدبو سے شہری پریشان نہ ہوں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جراثیموں کے خاتمے کے لیے فنائل اور چونے کا چھڑکاؤ بھی کیا جا رہا ہے، مکمل کلئیرنس کے بعد عرق گلاب کا چھڑکاؤ بھی کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عارضی کولیکشن پوائنٹس کے لیے جگہ دینے پر شہریوں کے انتہائی مشکور ہیں۔











