محرم الحرام کے دوران پرامن ماحول فراہم کرنا اداروں کی ذمہ داری ہے،وہاب ریاض

12

ڈیرہ غازی خان، 28 جولائی(اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے وہاب ریاض نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران پرامن ماحول فراہم کرنا اداروں کی ذمہ داری ہے،ملک کی بہتری کیلئے ہم سب کو  ملکر کام کرنا ہوگا،آگے بڑھنے کے لیے ماضی کے تجربات سے استفادہ کرنا وقت کی ضرورت ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز ڈیرہ غازی خان میں محرم الحرام کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر اور آر پی او کیپٹن ریٹائرڈ سجاد حسن خان اور ضلعی انتظامیہ کے افسران موجود تھے۔

وہاب ریاض نے کہا کہ میں وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر یہاں آیا ہوں اور یہاں آنے کا مقصد محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینا ہے۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران بھی پر امن ماحول فراہم کرنا اداروں کی ذمہ داری ہے اور عاشورہ  کے دوران ادارے بھرپور طریقے سے متحرک رہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹیم ورک سے چیلنجز کو احسن انداز سے نمٹا جاسکتا ہے اور ماضی کے واقعات و تجربات کو سامنے رکھتے ہوئے انتظامات مزید بہتر کئے جائیں۔اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا کہ ڈی جی خان ڈویژن جغرافیائی لحاظ سے حساس ترین ڈویژن میں شامل ہے اور اس  ڈویژن میں 4987 مساجد اور دیگر عبات گاہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ چاروں اضلاع میں اقلیتی برادری کی 109 عبادت گاہیں بھی ہیں اس کے علاوہ ڈی جی خان ڈویژن میں 42 فلیش اور 98 حساس مقامات ہیں اور یہاں پر157 علماء اور مقررین کی ضلع بندی جبکہ 80 کی زبان بندی کی گئی ہے۔ انہوں مزید کہا کہ یہاں پر آٹھ آرمی اور آٹھ کمپنیز رینجرز کی تعینات ہیں تاکہ کسی بھی ناگہانی خوشگوار واقعے سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔اس موقع پر آر پی او نے بتایا کہ عاشورہ محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں اور حساس مقامات کی سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔انہوں کہا کہ ڈی جی خان ضلع ملک کے سنگم پر واقع ہے،اس لئے خیبرپختونخوا اور بلوچستان سے داخلی و خارجی راستوں کو سیل کردیا گیا ہے۔انہوں کہا کہ  پولیس کی طرف سے شرپسند عناصر کی سرگرمیوں پر نظر رکھی جارہی ہے اور یہاں موبائل فون سروس کی معطلی کی سفارش بھی کی گئی ہے۔