مظلوم خاتون اوراس کی بچیوں کے ساتھ ہیں،ملزم اوراس کاباپ سزا سے بچ نہیں سکیں گے،انسپکٹر جنرل پولیس

14

لاہور،28جولائی ( اے پی پی ): نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی ہدایت پر چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان اور انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انورنے بورے و الا میں ظالم شخص کے بہیمانہ تشددکا نشانہ بننے والی ماں بیٹی کی میو ہسپتال میں عیادت کی۔چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس نے ماں بیٹی کی خیریت دریافت کی اورانہیں دلاسہ دیااورانصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ چیف سیکرٹری نے زخمی خاتون لبنیٰ شاہین سے گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ آپ اور بچیوں کے ساتھ بہت ظلم ہوا۔آپ اوربچی ایمن کا علاج حکومت پنجاب کرائے گی اوربچوں کے علاج اوربحالی کیلئے ممکنہ وسائل مہیا کریں گے۔انسپکٹر جنرل پولیس نے کہا کہ بچیوں پر تشدد کا ملزم اوراس کاباپ سزا سے بچ نہیں سکیں گے۔ملزمان نے انسانیت سوزحرکات کا ارتکاب کیا،قانون کے مطابق سزا ملے گی۔مظلوم خاتون اوراس کی بچیوں کے ساتھ ہیں،اب کسی کو ظلم کرنے کی جرات نہیں ہوگی۔چیف سیکرٹری اورآئی جی پنجاب نے ماں لبنیٰ شاہین اوران کے بھائی،بہن سے بہیمانہ تشددکے واقعہ کی تفصیلات کے بارے میں پوچھا۔مظلوم خاتون لبنیٰ شاہین شوہر اورسسرکے ظلم کی داستان سناتے ہوئے آبدیدہ ہوگئیں۔ماموں رانا تنویراورخالہ صائمہ نے بتایاکہ نشئی باپ اوردادا نے بچیوں اورانکی ماں کوجسمانی تشدد کا نشانہ بنایا۔ماں کو باندھ کر بچیوں پرتشدد کیا جاتا تھا۔شقی القلب باپ نے بیٹی ایمن کو خنجر سے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔ کمسن ایمن کی ایک آنکھ مکمل طورپر ضائع جبکہ دوسری آنکھ جزوی طورپر متاثر ہوئی۔باپ عرصہ دراز سے نشے کا عادی ہے،علاج کیلئے لاہورمنتقل کیا تو زیادہ نشہ کرنے لگا۔ملزم رانا احمد قاضی اوراسکاباپ غلام قادر قاضی بچوں پر تشدد میں ملوث ہیں۔نگران وزیراعلی محسن نقوی کی ہدایت پرزخمی ماں بیٹی کا میوہسپتال کے اے وی ایچ وی آئی پی روم میں علاج کیا جارہاہے۔