لاہور,7 جولائی(اے پی پی): معروف بزنس مین گوہر اعجاز پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں بھی جناح ہسپتال کی طرز پر نئی سرائے (مہمان خانہ) تعمیر کریں گے اور یہ سرائے 120 روز میں مکمل کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں نئی سرائے کی سائٹ کے دورے کے موقع پر کیا۔ انھوں نے نئی سرائے کی تعمیر جلد شروع کرنے کیلئے ہدایات دیں۔ محسن نقوی نے پی آئی سی میں مریضوں کے تیمارداروں کیلئے نئی سرائے کی سائٹ کا معائنہ کیا اور نئی سرائے کی تعمیر جلداز جلد شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا سرائے میں تیماردارو ں کے لئے ہر طرح کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ نئی سرائے کو سٹیٹ آف دی آرٹ ہونا چاہیئے۔ یہ نیک کام ہے اور اس میں تاخیرنہیں ہونی چاہیئے۔ اس موقع پر خصوصی دعا بھی کی گئی۔ صوبائی وزیر صنعت ایس ایم تنویر،معروف بزنس مین گوہر اعجاز،چیف سیکرٹری، انسپکٹرجنرل پولیس، سی سی پی او لاہور، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ،چیئرمین پی آئی سی ڈاکٹرفرقد،پرنسپل پی آئی سی ڈاکٹر احمد نعمان اورڈاکٹر عامر بندیشہ بھی اس موقع پر موجودتھے۔











