لاہور، 07جولائی (اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے ممبران قومی اسمبلی نے ملاقات کی اور ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا ملک کو معاشی طور پر مستحکم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف ،وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور اقتصادی ٹیم کی شبانہ روز محنت سے ملک معاشی طورپر بہتری کی طرف گامزن ہو گیا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ سیاست عوامی خدمت کا نام ہے اور وزیر اعظم محمد شہبازشریف کی قیادت میں ہمارا ہر قدم ملک و قوم کی ترقی، خوشحالی اور بہتری کی جانب اٹھ رہا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ عوامی نمائندوں کے لیے گورنر ہاوس کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ9 مئی کا واقعہ انتہائی دلخراش تھا جس میں شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی۔اُنہوں نے کہا کہ9 مئی کے واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف قانون خود اپنا راستہ بنا رہا ہے۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے گھنائونے فعل سے دنیا بھر کے مسلمانوں کو دلی تکلیف پہنچی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر حکمت عملی بنانی چاہیے۔
اس موقع پرممبر قومی اسمبلی نور الحسن تنویر نے کہا کہ گورنر پنجاب کی پارٹی کے لیے بہت خدمات ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ کارکنان کے لیے گورنر ہاوس کے دروازے کھولنے کااقدام لائق تحسین ہے۔ ممبر قومی اسمبلی وحید عالم خان نے کہا کہ9 مئی کے شرمناک واقعہ کی پر زور مذمت کرتے ہیں۔ملاقات کرنے والوں میں ایم این ایز نور الحسن ،تنویر چوہدری، محمد اشرف لیڈر ، وحید عالم خان، مشیر وزیر اعظم برائے مذہبی امور شبیر احمد عثمانی، میاں عبدالمنان غزالی سلیم بٹ ،ملک ظہیر اقبال چنڑ عرفان ناگرہ ودیگر بھی شامل تھے ۔











