ملتان، 05 جولائی ( اے پی پی): انفرا سٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب نے متی تل میں زیر تعمیر سول سیکرٹریٹ کمپلیکس کے دو فلور 31 جولائی تک انتظامیہ کے حوالے کرنے کی تیاریاں تیز کردیں ہیں۔سول سیکرٹریٹ کمپلیکس کی لینڈ سکیپنگ کی ذمہ داری پی ایچ اے کے سپرد کردی گئی ہے جس پر 54 ملین روپے کی لاگت آئے گی۔
پی ایچ اے نے بھرپور شجرکاری کے لئے پلان بھی تیار کر لیا ہے،دوسری طرف کمیونی کیشن نیٹ ورک کے لئے این ٹی سی سے ڈیمانڈ نوٹس طلب کرلیا گیا ہے۔
منصوبہ کا جائزہ لینے کے لئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا،ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر نے آئی ڈیپ کو سول سیکرٹریٹ سولر انرجی پر منتقل کرنے کا ٹاسک دے دیا ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ توانائی اور اخراجات کی بچت کے لئے سولر انرجی کا منصوبہ بہت ضروری ہے،اس لئے سیکرٹریٹ کے پارکنگ شیڈز پر سولر سسٹم نصب کرنے کا جائزہ لیاجائے۔
انہوں نے ہدایت کی سیکرٹریٹ کی چاردیواری کی تعمیر کا کام جلد مکمل کیا جائے اور بلڈنگ کے فنشنگ کے کام کی رفتار کو تیز کیا جائے،اس موقع پر آئی ڈیپ کی طرف سے منصوبے بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری محمد فاروق ڈوگر، ڈی جی پی ایچ اے آصف روف خان ،چیف انجینئر آئی ڈیپ قاسم افضل، پرجیکٹ منیجر فیصل زمان،ڈپٹی سیکرٹریز علی بٹر،عبدالصبور ٹھاکر اور ایس او حافظ خورشید ملک نے شرکت کی۔











