ملتان،31جولائی(اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر سموگ کے تدراک کیلئے اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے اس سلسلے میں محکمہ ماحولیات کو دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں اور بھٹوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیا گیا ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی ماحولیاتی کمیٹی برائے انسداد سموگ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نعمان افضل اور ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات محمد شمشاد نے بھی شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے کہا کہ ٹریفک پولیس کو دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف ایکشن کی ہدایت کی ہے جبکہ کوڑا کرکٹ اور فصلوں کی باقیات جلانے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ ماحولیات کی جانب سے سموگ کی روک تھام کے اقدامات کا ہفتہ وار تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
عمر جہانگیر نے مزید ہدایت کی کہ زگ زیگ ٹیکنالوجی نہ اپنانے والے بھٹوں کو سربمہر کیا جائے کیونکہ حکومت پنجاب نے سموگ کی روک تھام کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ کی ہے۔انہوں نے حکم دیا کہ ماحول کو بہتر کرنے کیلئے پولی تھین بیگز استعمال کرنے والے سٹورز اور دکانداروں کے خلاف بھی ایکشن کیا جائے۔











