ملتان؛ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس مارکیٹوں میں سرویلنس کو بہتر بنائیں، کمشنر

13

ملتان،31 جولائی(اے پی پی ):کمشنر انجینئر عامر خٹک کی زیر صدارت ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی بارے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔کمشنر عامر خٹک نے اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام قائم رکھنے کی ہدایت کی  اور  کہا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس مارکیٹوں میں سرویلنس کو بہتر بنائیں،پرائس لسٹ واضح آویزاں کرکے سرکاری نرخ پر عملدرآمد کروایا جائے، اشیاء ضروریہ کی قیمتوں پر کڑی نظر رکھی جائے۔

کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ محکمہ زراعت جعلی زرعی ادویات کیخلاف کریک ڈاؤن کرے۔ انہوں نے کہا کہ انسداد ڈینگی مہم میں عوام کو آگاہی دی جائے،ڈینگی مچھر سے ڈرنے کے بجائے شہری اپنا ماحول خشک اور صاف رکھیں۔

اجلاس میں انسداد گرانفروشی،یوریا، کھاد فراہمی، انسداد ڈینگی مہم بارے بریفنگ دی گئی جبکہ اشیاء ضروریہ بالخصوص آٹا،چینی کے نرخوں، دستیابی کا جائزہ لیا گیا اور مہنگائی پر قابو پانے کیلئے غیر روایتی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

ایڈیشنل کمشنر سرفراز احمد ،ڈائریکٹر زراعت شہزاد صابر ، اسسٹنٹ کمشنرز،محکمہ فوڈ، محکمہ صحت، مارکیٹ کمیٹی کے متعلقہ افسران موجود تھے۔