لاہور4 جولائی ( اے پی پی): نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے وزیراعلیٰ آفس میں چین کے قونصل جنرل زاؤ شیرین (Mr. Zhao Shiren) نے ملاقات کی جس میں زراعت، لائیوسٹاک او رانفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں اشتراک کار مزید بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں باہمی تعاون اوردوطرفہ اشتراک کومزیدفروغ دینے پر اتفاق کیا گیا اور اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ چین پنجاب میں کاٹن او ررائس کے ہائی کوالٹی بیج کی فراہمی کے لئے تعاون کرے گا اور کاٹن ریسرچ اورمیکانزیشن کے لئے بھی چینی ماہرین سے استفادہ کیاجائے گا۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے چین کو پنجاب سے میٹ ایکسپورٹ کی پیشکش کی۔ چینی قونصل جنرل نے پنجاب کیلئے حلال میٹ سرٹیفکیشن کے اجراء میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات میں جدیدکیٹل فارمنگ کے حوالے سے چین کے تجربے سے فائدہ اٹھانے پر اتفاق کیا گیا۔ لاہور میں چین کے قونصلیٹ کے تعاون سے ایس پی یو کے جوانوں کو چینی زبان سکھائی جائے گی۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ زراعت، لائیوسٹاک، انفارمیشن ٹیکنالوجی او ردیگر شعبو ں میں چین کے تعاون کاخیر مقدم کریں گے۔ چینی قونصل جنرل زاؤ شیرین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کاٹن کے فروغ کیلئے چائنہ نیشنل کاٹن ایسوسی ایشن اپٹما کے ساتھ اشتراک کارکررہی ہے۔زراعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کا ویژن قابل تحسین ہے۔ صوبائی وزراء عامر میر، ایس ایم تنویر، چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سیکرٹریز زراعت، آبپاشی،اطلاعات،چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔











