ٹنڈو محمد خان، 12 جولائی(اے پی پی ): چیئرمین میونسپل کمیٹی سید شاہ نواز شاہ نے کہا ہے کہ محرم الحرام کی آمد سے قبل تمام علاقوں میں صفائی ستھرائی کے کاموں کو مکمل کرنے سمیت ماتمی جلوسوں کی گزر گاہوں پر اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب کو یقینی بنایا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں میونسپل کمیٹی کے پہلاتعارفی اجلاس سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر مختلف وارڈز سے تعلق رکھنے والے منتخب کونسلرز نے اپنے اپنے علاقوں میں صفائی ستھرائی اورسٹریٹ لائٹس کے مسائل پر توجہ دلاتے ہوئے ان کو فوری طور پر حل کئے جانے کا مطالبہ کیا۔ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ شہر کے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔
چیئرمین سید شاہ نواز شاہ نے کہا کہ محرم الحرام کی آمد سے قبل شہر میں واٹر سپلائی کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محرم الحرام کے دوران لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے حیسکو ایکس ای این کو لیٹر لکھا جائے گا۔
اجلاس میں میونسپل کمیٹی کے چیئرمین سید شاہ نو از شاہ، وائس چیئرمین عبدالکریم شیخ، چیف میونسپل آفیسر اعجاز ملاح ، انجینئرمیر ساجد تالپور، فہیم جمالی ، غلام رسول رند ، خالد چنہ، کونسلرز شفیق بھٹی، رضا خاص خیلی، معشوق بھٹی، جمن کہر، میر مجتبیٰ تالپور، سید شعبان شاہ، سید مرتضیٰ شاہ، انور قریشی، زاہد بروہی، یاکا کچھی، طارق پٹھان، اللہ بخش چوہان و دیگر نے شرکت کی۔











