پہلی حج فلائٹ 399حجاج کرام کو لے کر ملتان پہنچ گئی۔ حج آپریشن 2 اگست تک جاری رہے گا

13

ملتان، 04 جولائی ( اےپی پی): ملک بھرکی طرح ملتان میں بھی حاجیوں کی واپسی کاعمل شروع ہوگیا۔ منگل کے روز جدہ سے 399عازمین حج کو لے کر پہلی حج پروازSV3800ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچ گئی۔مسلم لیگ (ن) کے رہنماءاحمد حسین ڈیہراور ڈائریکٹر حج ریحان کھوکھر نے حجاج کرام کا استقبال کیااورانہیں پھولوں کے ہارپہنائے۔اس موقع پر ملک کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعا کی گئی۔ پہلی حج پرواز آدھے گھنٹے کی تاخیر کی وجہ سے اڑھائی بجے ملتان پہنچی۔ اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر غضنفر رضا، کسٹمر سروسز کے نمائندے فیصل ریاض اور فیصل شہزاد سمیت ایئرپورٹ کے دیگر حکام موجود تھے۔مسلم لیگی رہنماءاحمد حسین ڈیہڑ نے کہاکہ حج آپریشن دواگست تک جاری رہے گا۔ڈائریکٹر حج ریحان کھوکھر نے کہا کہ یہ اطمینان کی بات ہے کہ پاکستانی حکام کے انتظامات کے تحت عازمین حج کوبہترسہولیات فراہم کیں۔چیف آپریٹنگ آفیسر اور منیجر ائیرپورٹ سٹیڈ غضنفر رضا نے اس موقع پر کہا کہ ائیر پورٹ کے عملے نے مسافروں کو مقدس سفر پر جانے میں بھرپور تعاون کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ مسافروں کی سہولت کے لیے سفری دستاویزات کی تیز رفتار کارروائی کو یقینی بنایا گیا۔