اوکاڑہ،04جولائی(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوآرٹر ہسپتال سٹی اور ڈی ایچ کیوہسپتال ساؤتھ سٹی کا اچانک دورہ کیا۔انہوں نے ایمرجنسی وارڈ کے ساتھ ساتھ کارڈیک وارڈ ، ،پیڈز وارڈ،سرجیکل وارڈ، ایکسرے روم کا دورہ کیااور ہسپتال میں داخل مریضوں سے ہسپتال کی جانب سے فراہم کی جانے والی ادویات اور علاج معالجہ اور تشخیص کے لئے دستیاب سہولیات سے متعلق پوچھا۔ انہوں نے مریضوں کے لواحقین سے ہسپتال انتظامیہ،ڈاکٹرزاور پیرا میڈیکل سٹاف کے عمومی رویہ سے متعلق بھی دریافت کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت لوگوں کو صحت کی سہولیات کی فراہمی ادویات کی دستیابی اور تشخیصی سہولیات کے لئے تمام وسائل فراہم کر رہی ہے انہوں نے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف پر زور دیا کہ وہ مریضوں کے علاج معالجہ کے لئے کوئی کسر اٹھانہ رکھیں ڈپٹی کمشنرڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نےہدائیت کی کہ ہسپتال کے ہر شعبے میں ائیر کنڈیشنر چالو حالت میں ہونے چاہییں اور انتظارگاہ میں پنکھے ورکنگ کنڈیشن میں ہونے کے ساتھ ساتھ مریضوں اور ان کے لواحقین کے لئے پینے کے ٹھنڈے پانی کا انتظام بھی ہو۔











