چنیوٹ،24جولائی(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر محمد آصف رضا نے دریائی کٹاؤ سے متاثرہ علاقے موضع ساہمبل کا دورہ کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد آصف رضا کا کہنا تھا کہ ریسکیو 1122 کا عملہ اور تحصیلدار پچھلے دو ہفتے سے اس علاقہ میں موجود ہیں۔ ٹریکٹر ٹرالیاں پہلے ہی فراہم کی جا چکی ہیں جسکے ذریعے لوگوں اور انکے مال مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے گاؤں کے نمبردار اور بزرگوں سے بھی ملاقات کی ہے جنہوں نے فلڈ پروٹیکشن بندکی جلد تعمیر اور اپنے گھر کھونے والوں کی دوبارہ آبادکاری کی درخواست کی ہے۔
ڈپٹی کمشنر محمد آصف رضا نے بتایا کہ متاثرہ خاندانوں کی آباد کاری کا کیس آج مثبت انداز میں حکومت پنجاب کو بھیج دیا جائے گا۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو الطاف حسین انصاری، اسسٹنٹ کمشنر بھوانہ طارق محمود گوندل، ڈسٹرکٹ ایمر جنسی آفیسر ریسکیو 1122میڈم طاہر خان و دیگر ریونیو افسران و سٹاف بھی موجود تھا۔











