ڈی جی خان میں محرم کے حوالے سےاہم اجلاس ، سکیورٹی مزید سخت کرنے کے احکامات جاری

18

 ڈیرہ غازی خان،27 جولائی(اے پی پی): ڈی جی خان ڈویژن میں عاشورہ کے ایام میں سکیورٹی مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کردئیے گئے۔شہر کے حساس مقامات کے راستے مکمل سیل رہیں گے۔اس حوالے سے اہم اجلاس جمعرات کے روز کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

 اس موقع پر سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں، محرم الحرام کے دوران سکیورٹی اور متعلقہ معاملات کاجائزہ لیا گیا،ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ افسران نے بریفنگ دی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا کہ حساس مقامات اور ٹرپل سپاٹس کی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جائے گی اور ضلع وتحصیل امن کمیٹیوں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ لاوڈ سپیکر ایکٹ سمیت محرم کے قواعد و ضوابط کی پابندی کرائی جائے اور تلاشی پر متعین رضاکاروں کی شناخت کےلئے کارڈز جاری کئے جائیں۔مجالس اور جلوسوں کے پرامن منتشر ہونے تک سیکیورٹی فعال رکھی جائے۔ سکیورٹی معاملات میں غفلت خدا نخواستہ کسی بڑے حادثہ کا باعث بن سکتی ہے،غیر قانونی اور نئی مجالس اورجلوس کی اجازت نہ دی جائے۔

اجلاس کے دوران کمشنر نے سیلاب زدہ علاقوں میں تباہ کاریوں کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں راستوں کی بحالی کو فوکس کیا جائے اور سیلاب زدہ علاقوں میں میڈیکل،لائیو سٹاک اور دیگر محکموں کے کیمپس کام کرتے رہیں۔ سیلاب کا پانی اترتے ہی انفراسٹرکچر کی بحالی شروع کردی جائے۔

کمشنر ڈی جی خان نے کہا کہ سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا،سیلابی پانی اترتے ہی متاثرہ علاقوں میں نقصانات کےلئے سروے کرایا جائیگا۔اس موقع پر آر پی او کیپٹن ریٹائرڈ سجاد حسن خان نے کہا کہ حساس مقامات کے نزدیکی عمارتوں پرماہر نشانہ باز تعینات کئے جائیں اور وسائل کا بہتر استعمال کرتے ہوئے سکیورٹی معاملات موثر بنائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ ان گراونڈ سکیورٹی معاملات نظر آنے چاہئیں اور کسی کو بھی امن میں خلل کی اجازت نہیں دیں گے۔انہوں کہا کہ منتظمین کے ساتھ قریبی رابطہ رکھا جائے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی فضا برقرار رکھنے کےلئے موثر اقدامات کئے جائیں۔اجلاس میں متذکرہ شخصیات کے علاوہ ڈپٹی کمشنرز ، ڈی پی اوز اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔