ڈی جی خان ڈویژن میں روڈ بحالی پروگرام کو تین ماہ میں مکمل کرنے کے احکامات جاری

16

ڈیرہ غازی خان ،21 جولائی(اے پی پی): ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں روڈ بحالی کے پروگرام کو تین ماہ اندر مکمل کرنے کے احکامات جاری کردئیے گئے،پنجاب حکومت کی طرف سے سڑکوں کے منصوبوں کےلئے ڈویژنل اور ضلعی مانیٹرنگ کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں۔

اس حوالے سے کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا ،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ڈی جی خان نے کہا کہ سڑکوں کی مرمت کا کام تین ماہ کے اندر مکمل ہونا چاہیے اور فنڈز مختص ہونے پر سڑکوں کی تعمیر میں تاخیر برداشت نہیں ہوگی،میٹریل کا معیار یقینی بنانے کےلئے روڈ کٹ لگائے جائیں گے۔

کمشنر ڈی جی خان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی انسپکشن ٹیم کے ساتھ دیگر ذرائع سے منصوبوں کا معیار چیک کرایا جائیگا، آبادی والے علاقوں میں پانی کی نکاسی کےلئے سڑکوں کے کنارے ڈرینز بنائی جائیں اور ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ معیاد سے قبل مکمل ہونا چاہئے،معیاری کام کےلئے متعلقہ ایکسیئن سرٹیفکیٹ دینے کا پابند ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز سکیموں کا ہفتہ میں کم سے کم ایک دورہ لازمی کریں اور مالی بدعنوانی ثابت ہونے پر انٹی کرپشن کے مقدمات اور دیگر قانونی کارروائی کریں۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ڈی جی خان ڈویژن میں روڈ بحالی پروگرام میں 20 منصوبے شامل ہیں جن میں سے آٹھ سڑکیں مکمل کرلی گئیں ہیں،منصوبوں پر ساڑھے تین ارب روپے خرچ کرلئے گئے اور رواں بجٹ میں چار ماہ کےلئے 92 کروڑ روپے مختص کرکے ساڑھے 27 کروڑ روپے جاری کردئیے گئے ہیں۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز مہر شاہد زمان لک ،محمد سلمان لودھی ،خالد پرویز،ڈاکٹر منصور بلوچ،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ وسیم اختر جتوئی،ڈپٹی ڈائریکٹرز انعم حفیظ،امیر مسلم،ایس ای ہائی ویز راؤ دلشاد،ایگزیکٹو انجینئرز محمد وقاص،آصف باجوہ اور دیگر افسران موجود تھے۔