پشاور،5 جولائی(اےپی پی): گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہاہے کہ کھیلوں سے حوصلہ و برداشت کاجذبہ پیدا ہوتاہے،صحت مند،توانا نوجوان پیدا کرناحکومت سمیت ہم سب کی ذمہ داری ہے، کھیلوں کے میدان آبادہونے سے ہسپتال خالی ہوتے ہیں اورایک صحت مند معاشرے کے قیام میں کھیلوں کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔ ضم اضلاع میں مدارس کے طلباء کامابین کیلئے کھیلوں کے مقابلے کرانے پر محکمہ سپورٹس اینڈیوتھ افیئرز کو خراج تحسین پیش کرتاہوں۔ قبائلی اضلاع کے مدارس کے طلباء نے کھیلوں کے میدان میں اپنی طاقت اورقوت سے امن، دوستی اور محبت کا پیغام دنیا کو دیا ہے۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے گورنرہاؤس میں منعقدہ ضم اضلاع کیلئے بین المدارس سپورٹس گالا کی اختتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں نگران صوبائی کابینہ کے اراکین فضل الہی، عدنان جلیل، ملک مہرالہی،رحمت سلام خٹک، کمشنر پشاورمحمدزبیر، سیکرٹری سپورٹس اینڈیوتھ افیئرزکیپٹن(ر) مشتاق احمد، سابق صوبائی وزیرمولانا امان اللہ حقانی، علماء کرام اورمدارس کے طلباء نے کثیرتعداد میں شرکت کی۔ گورنرہاؤس میں منعقدہ پروقار تقریب میں گورنر نے ضم اضلاع کے مدارس کے طلباء پرمشتمل سپورٹس گالا میں حصہ لینے والی ٹیموں میں انعامات تقسیم کئے۔جن میں کرکٹ کے مقابلوں میں سب ڈویژن پشاورکی فاتح ٹیم اور ضم ضلع باجوڑ کی رنرااپ ٹیم کو40 سے 60 ہزارروپے نغد انعام اور ٹرافی حوالے کی۔اسی طرح فٹ بال کے مقابلوں میں فاتح ٹیم ضلع خیبر اوررنر اپ ٹیم سب ڈویژن کوہاٹ،رسہ کشی مقابلوں میں فاتح ٹیم ضم ضلع باجوڑ، رنراپ ٹیم شمالی وزیرستان اور والی بال کے مقابلوں میں فاتح ٹیم ضم ضلع مہمند،رنراپ ٹیم سب ڈویژن پشاور، مقابلہ حسن قرآت میں ضم ضلع مہمند سے فاتح قاری، خیبر سے رنر اپ قاری میں 40 سے 50 روپے نغد انعامات اورٹرافیاں تقسیم کیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری سپورٹس اینڈیوتھ افیئرزکیپٹن (ر)مشتاق احمدنے بتایاکہ ضم اضلاع انٹرمدارس سپورٹس گالا میں تمام ضم اضلاع کے مدارس کے 650 طلباء نے کرکٹ، فٹبال، والی بال، رسہ کشی کے مقابلوں سمیت مقابلہ حسن قرآت میں حصہ لیا۔ جس کے انعقاد میں پاک فوج، ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس خیبرپختونخوا اور محکمہ پولیس، علماء کرام نے بھرپور مدد کی اوراسے ایک کامیاب اورتاریخی ایونٹ بنایا۔انہوں نے بتایا کہ مدارس کے طلباء کیلئے اس ایونٹ کے انعقاد کامقصددوسرے طلباء کے برابر مواقع فراہم کرناتھاجس میں بچوں نے سکولوں، کالجوں اوریونیورسٹیوں کے طلباء کے برابر کارکردگی دکھائی۔ تقریب میں روشن پبلک سکول کے بچوں اوربچیوں نے گورنر کو سلامی دی اور پاکستان زندہ باد کے پرجوش نعرے لگائے۔











