گوجرانوالہ،12جولائی(اے پی پی): دودھ میں ملاوٹ کرنے والوں کیخلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی ،گوجرانوالہ کے علاقے قادرآباد میں دودھ سپلائی کرنے والی گاڑی کی چیکنگ کے دوران 500 لٹر ملاوٹی دودھ تلف کر دیا گیا، موقع پر کیے گئے ٹیسٹ فیل ہونے پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی راجہ جہانگیر انور کے مطابق دودھ میں پانی کی ملاوٹ اور فیٹ انتہائی کم ہونے پر 500 لٹر دودھ تلف کیا گیا، غیر معیار ی دودھ کو راولپنڈی اور ملحقہ علاقوں میں سپلائی کیا جانا تھا۔انہوں نے کہاکہ ناقص دودھ کا استعمال بچوں اور بزرگوں کی صحت کے لیے انتہائی مضر ثابت ہوتا ہے، ملاوٹی دودھ سپلائی کرنے والے صحت دشمن عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی راجہ جہانگیر انور نے عوام الناس کی سہولت فراہمی بارے بتایا کہ گھر میں استعمال ہونے والے دودھ کو پنجاب فوڈ اتھارٹی دفتر سے مفت چیک کروایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملاوٹی دودھ سپلائی کرنے والوں کی اطلاع پنجاب فوڈ اتھارٹی ہیلپ لائن 1223 پر دیں۔











