۔8،9 اور 10 محرم الحرام کو جلوسوں اور مجالس کی ڈرون کوریج پر مکمل پابندی:وزیر اعلی محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ

25

لاہور،27جولائی ( اے پی پی ): نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت آج وزیر اعلی آفس میں امن و امان سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں محرم الحرام خصوصا یوم عاشور کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے سکیورٹی پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا-اجلاس میں غیر ملکی شہریوں خصوصا چینی شہریوں کی حفاظت کے لئے کئے گئے اقدامات پر بھی غور کیا گیا-اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ8،9 اور 10 محرم الحرام کو جلوسوں اور مجالس کی ڈرون کوریج پر مکمل پابندی ہو گی جبکہ فوج، رینجرز اور پولیس کے چاک و چوبند دستے فلیگ مارچ کریں گے – وزیر اعلی محسن نقوی نے تمام کمشنرز اور آرپی اوز کو بارشوں کے پیش نظرجلوسوں اور مجالس کے لئے ضروری پیشگی پلان تیارکرنے کا حکم دیااور کہا کہ محرم الحرام کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے وضع کردہ سکیورٹی پلان پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے اورمرتب کئے گئے ضابطہ اخلاق کی پابندی کرائی جائے۔انہوں نے کہا کہ مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر عبادت گاہوں کی سکیورٹی پر بھرپور توجہ مرکوز کی جائے۔ امن کمیٹیوں کے ارکین اور منتخب نمائندے مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ محسن نقوی نے غیرملکی خصوصاچینی شہریوں کی حفاظت کے لئے ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے کی ہدایت کی- وزیر اعلی محسن نقوی نے کمشنرزاور آرپی اوز کو 9 مئی کے واقعات کے حوالے سے ڈسٹرکٹ جے آئی ٹیز کی کارکردگی مانیٹرکرنے کی ہدایت کی- اجلاس میں 9 مئی کے واقعات میں ملوث شر پسندوں کے خلاف پراسیکیوشن کے عمل کا جائزہ بھی لیا گیا -اجلاس میں انسپکٹرجنرل پولیس نے محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور عسکری و سول حکام نے اپنی رپورٹس پیش کیں -صوبائی وزراء منصور قادر، عامر میر،چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، عسکری ورینجرز کے اعلی حکام، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب، سیکرٹریز قانون، پراسکیوشن،  ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، سی سی پی او لاہور،ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، ڈی آئی جی سپیشل پروٹیکشن یونٹ، کمشنر لاہور ڈویژن اور متعلقہ حکام کی اجلاس میں شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور آر پی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے-