اوکاڑہ،24 اگست (اے پی پی): صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، فاریسٹ، وائلڈ لائف اینڈ فشریزو ماحولیات بلال افضل نے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف کے ہمراہ ستلج کے مقام اٹاری پر قائم فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ کیا ہے جہاں انہوں نے ہیلتھ کاونٹر، لائیو سٹاک کاونٹر، ریسکیو کاونٹر پر دستیاب ادویات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے ریسکیو آپریشن، فلڈ ریلیف کیمپ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ فلڈ ریلیف کیمپ اٹاری میں 2000 سے زائد سیلاب متاثرین مرد و خواتین اور بچے لائے گئے ہیں ،سیلاب متاثرین کو عزت اور وقار کے ساتھ فلڈ ریلیف کیمپ میں تمام سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں۔فلڈ ریلیف کیمپ میں مقیم سیلاب متاثرین کو تین وقت کا بہترین کھانا مہیا کیا جا رہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ فلڈ ریلیف کیمپ میں سیلاب متاثرین کے لیے بستروں، پنکھوں اور خیموں کا وسیع انتظام کیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر نے فلڈ ریلیف کیمپ میں قائم خیمہ بستی میں مقیم سیلاب متاثرین سے گفتگو بھی کی اور سیلاب متاثرین کو دیا جانے والا کھانا بھی چیک کیا اور اپنے اطمینان کا اظہار کیا ۔
انہوں نے ہدایت کی کہ سیلاب متاثرین کے جانوروں کے لیے چارہ کا بندوبست بھی کیا جائے اورجو لوگ دریا کے علاقوں میں رہ گئے ہیں انہیں بھی فوری طور پر ریسکیو کیا جائے۔
سیلاب متاثرین کے لیے بہترین انتظامات کرنے پر صوبائی وزیرنے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف اور ان کی پوری ٹیم اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر چوہدری ظفر اقبال اور ریسکیو1122 کے جوانوں کو بھی دن رات لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور جاں فشانی سے کام کرنے پر شاباش دی۔











