اوکاڑہ؛کمشنر شعیب اقبال سید کا ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر قائم فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ

32

 اوکاڑہ،19اگست(اے پی پی ):کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے   ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف اور ڈی پی او کیپٹن ریٹائرڈ منصور امان کے ہمراہ دریائے ستلج کے مقام ہیڈ سلیمانکی کا دورہ کیا۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر چوہدری ظفر اقبال نے کمشنر ساہیوال ڈویژن کو ریسکیو آپریشن سے متعلق بریفنگ دی۔

کمشنر نے فلڈ ریلیف کیمپس میں قائم ہیلتھ کاؤنٹر، لائیو سٹاک کاؤنٹر، ریسکیو112 کاؤنٹر میں ادویات کی دستیابی کا جائزہ لیااور کہا کہ فلڈ ریلیف کیمپ میں دیگر ادویات کے ساتھ ساتھ سانپ کے کاٹے کی ادویات وافر مقدار میں موجود ہوں اور  ہیڈ سلیمانکی ریلیف کیمپ میں خیمہ بستی میں بستروں کی تعداد بڑھائی جائے۔انہوں نے ہدایات  کیں کہ لائیو سٹاک کاؤنٹر میں گل گھوٹو سمیت جانوروں کو لگانے والی تمام ادویات وافر مقدار میں دستیاب ہوں۔

اس موقع پرڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے کمشنر ساہیوال کو ممکنہ سیلابی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور کہا کہ پاک آرمی، ریسکیو، محکمہ ریونیو سمیت تمام متعلقہ ادارے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہے ہیں اور لوگوں کو دریائی علاقہ سے نکالنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

 کمشنر  نے متاثرہ گاؤں سوجیکے اور دراز کے کا بھی دورہ کیا۔انہوں نے ہدایت کی کہ لوگوں کے انخلاء کے لیے ریسکیو 1122 پاک ارمی و دیگر متعلقہ ادارے جاں فشانی سے کام کریں۔

کمشنر شعیب اقبال سید نے مقامی لوگوں کو فوری طور پر سامان سمیت نقل مکانی کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ ممکنہ سلابی صورتحال کے پیش نظر تمام ادارے ہائی الرٹ ہیں، دریائے ستلج سے ملحقہ آبادیوں کو فوری طور پر خالی کروایا جائے۔انہوں نے کہا کہ انسانی جان بہت قیمتی ہے دریائی علاقوں میں رکنا خطرے سے خالی نہیں اس لئےلوگ ہنگامی طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہوں۔انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ آنے والے چند گھنٹوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہو سکتا ہےاورنمبردار حضرات لوگوں کے انخلا کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کریں۔

کمشنر نے کہا کہ دریائی علاقوں میں چلنے والے بیڑے ریسکیو1122 کے عملہ کی نگرانی میں چلائے جائیں۔انہوں نے اس موقع پر سیلابی آفت سے بچنے کے لیے اہلیان دیہہ کے ہمراہ مل کر دعا بھی کی۔