اٹک ،03اگست (اے پی پی): ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرفنانس اینڈپلاننگ وقار اکبر چیمہ کی زیرصدارت یوم استحصال کشمیرکی تقاریب کے حوالے سے اجلاس منعقدہوا جس میں تمام متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے شرکاءکوآگاہ کیا گیا کہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج کے مسلسل محاصرے، ظلم و تشدداور خوف و ہراس کے 4 برس گزرنے پر حکومت اور عوام کی جانب سے 5 اگست بروز ہفتہ کو یوم استحصال کشمیر ملک بھر کے ساتھ ساتھ ضلع اٹک میں بھی بھر پور جوش و جذ بے اور عزم سے منایا جائے گا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ یوم استحصال کشمیر کے موقع پر ضلعی ہیڈ کوارٹر سمیت تمام تحصیلوں میں احتجاجی جلسے جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی ،اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری سے بھر پور مطالبہ کیا جائے گا کہ قابض بھارتی افواج کے مسلسل مظالم اور ظلم و تشدد سے مظلوم کشمیریوں کو نجات دلائی جائے اور بھارتی مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ان کا حق خودارادیت دلایا جائے تا کہ وہ اپنی منشاکے مطابق زندگی بسر کر سکیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ05اگست بروزہفتہ کو یوم استحصال کشمیر کے موقع پر ضلع کونسل ہال اٹک میں صبح گیارہ بجے مرکزی تقریب منعقدہوگی اس کے علاوہ ضلع بھر میں مختلف سرگرمیوں کااہتمام بھی کیاجائے گا، ان تقاریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اپنے اپنے پلیٹ فارمز سے دنیا کوموثراورواضح پیغام دیں گے کہ بھارت کے ریاستی استحصال سے مظلوم کشمیریوں کو نجات دلا کر انہیں جینے کا حق دیا جائے۔تمام سرکاری، نیم سرکاری اور نجی ادارے یوم استحصال کشمیرکی تقاریب میں بھر پور کردار اداکریں گے۔











