بلوچستان پولیس ، سیکورٹی فورسز اور عوام کے شہدا ء کے  پاک لہو کی بدولت صوبہ بلوچستان میں امن کا سورج طلوع ہوا ہے؛گورنر عبدالولی خان کاکڑ

68

کوئٹہ،04اگست(اے پی پی): گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا ہے کہ  بلوچستان پولیس ، سیکورٹی فورسز اور عوام کے شہداء کی قربانیاں مشعل راہ ہے اور انکا پاک لہو کی بدولت صوبہ بلوچستان میں امن کا سورج طلوع ہوا ہے۔

ان خیالات کا اظہار گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے یوم شہداء پولیس کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ ہم شہدا ءکی لازوال قربانیوں کو رائیگاں نہیں ہونے دیں گے اور حکومت شہدا کی لواحقین کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحثیت قوم ہم سب نے ملکر دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے سیکورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کرنا ہوگا کیونکہ یہ سب کی قومی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔

اس موقع پر صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء لانگو اور ایڈیشنل ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان جواد ڈوگر نے بھی بلوچستان پولیس کے شہدا کی قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

تقریب میں گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے پولیس شہدا کے لواحقین کے ہونہار طلبا و طالبات میں اسکالرشپ تقسیم کئے۔تقریب میں شہدا پولیس کے بچے اور بچیوں نے یوم شہدا پولیس کی مناسبت سے ٹیبلو  پیش کئے اور حاضرین کے دل موہ لئے۔

تقریب میں ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی سردار بابر موسیٰ خیل اور اراکین پارلیمنٹ بھی موجود تھے۔