لاہور، 23 اگست(اے پی پی): صوبائی وزیر محکمہ لائیو سٹاک، ٹرانسپورٹ، مائن و معدنیات پنجاب پنجاب ابراہیم مراد نے پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن کے وفد سے لاہور میں اہم ملاقات کی۔ اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ملکی برآمدات بڑھانے کیلئے نجی سیکٹر کی تجاویز کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے جامع ایکشن پلان ترتیب دینے جا رہے ہیں۔ موجودہ حالات میں برآمدات کی مدد سے ہی پاکستان کے زرِمبادلہ کے ذخائر میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ لائیو سٹاک سے منسلک تمام اشیاء کی برآمدات بڑھانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا کر اقدامات کر رہے ہیں۔ ابراہیم مراد نے کہا کہ ملکی معیشت کو مستقل استحکام برآمدات میں اضافے سے ہی حاصل ہو گا۔ صوبائی وزیر نے بتایا کہ دودھ کی برآمدات کی بین الاقوامی مارکیٹ 15 ارب ڈالر کی ہے جبکہ دنیا بھر میں حلال گوشت کی مارکیٹ 2 ہزار ارب کے قریب ہے۔ ہمیں ان تمام پہلوؤں پر کام کرنا ہے جس سے پاکستان کے ڈیری سیکٹر کو بہتر کیا جا سکتا ہے۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی مدد سے آگے بڑھنے کے لئے پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن کے مطالبات و تجاویز کو مدِنظر رکھ کر منصوبہ بندی کی جائے گی۔ ابراہیم مراد کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان میں عام ڈیری فارمرز کی زندگی کو بہتر سے بہتر بنانے پر کام کر رہے ہیں۔ پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن کے وفد نے تفصیلی طور پر اپنی تجاویز و مسائل کے حوالے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا۔ ملاقات کا انعقاد محکمہ لائیو سٹاک پنجاب کوپر روڈ لاہور پر کیا گیا اور اس موقع پر سیکریٹری محکمہ لائیو سٹاک مسعود انور جبکہ پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن کے وفد میں نیسلے پاکستان، نشاط، حلیب فوڈز، اولپرز، اچھا فوڈز، و دیگر کے نمائندگان موجود تھے۔











