بورے والا، 27 اگست(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر سید آصف حسین شاہ نے سیلابی علاقوں کا دورہ کیا اور ساہوکا جملیرا میں ریلیف و ریسکیو آپریشن کا جائزہ لیا ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ سیلاب متاثرین کی مشکلات کم کرنے کے لیے کوشاں ہے ضلع میں 80 دیہات سیلاب سے متاثر ہیں ضلعی انتظامیہ نے محکمہ مال، ریسکیو اور پولیس کی مدد سے 29 ہزار سے زائد لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچایا ۔ایک ماہ قبل کم سیلاب آنے پر دی گئی سیلاب کی وارننگ پر بیشتر آبادیاں خالی کرا لی گئیں تھیں اسی وجہ سے اونچے درجے کا سیلاب آنے پر بھی نقصانات کم ہیں 20فلڈ ریلیف کیمپوں اور 3خیمہ بستیوں میں تمام سہولیات میسر ہیں انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ فلڈ ریلیف کیمپوں اور خیمہ بستیوں میں ہر قسم کی سہولت دینے کو تیار ہے لیکن سیلاب متاثرین کی اکثریت کیمپوں میں آنے سے گریزاں ہے سیلاب متاثرین اپنے رشتہ داروں کے پاس قیام پذیر ہیں ۔
ریلیف کیمپوں میں آنے والے متاثرین اور ان کے جانوروں کو سہولیات دے رہے ہیں ساہوکا میں سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورہ کے دوران لوگوں نے مچھروں کی بہتات کی شکایت کی ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کو فوری مچھر مار سپرے کرانے کی ہدایت کی ڈپٹی کمشنر نے ریسکیو کے جوانوں کو سیلاب زدہ علاقوں سے لوگوں کو صرف ریسکیو کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ سیلابی علاقوں میں ٹرانسپورٹیشن کی سہولت بند کی جائے ہماری ترجیح انسانی جانوں کا تحفظ ہے اس سلسلہ میں کسی قسم کا خطرہ مول نہ لیں اور زبردستی غیر محفوظ ذرائع سے دریا میں اترنے والوں کو پولیس حوالات میں بند کرے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ میڈیا لوگوں کو آگاہی دے انہوں نے بتایا کہ سیلابی پانی میں کمی کا رحجان ہے ہیڈ ورکس اسلام اور میلسی سائفن پر پانی کی سطح کم ہو رہی ہے البتہ بھارت کی طرف سے مزید سیلابی پانی چھوڑنے کی اطلاعات ہیں لہذا ہمیں نقصانات سے بچنے کے لیے احتیاط کا راستہ اپنانا ہے اسسٹنٹ کمشنر عبدالباسط صدیقی نے ریلیف ریسکیو آپریشن پر بریفنگ دی ایس ایچ او ساہوکا شاہد اسحاق بھی اس دوران موجود تھے











