ملتان ،05 اگست (اے پی پی):چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی نے کہا ہے کہ ججزصاحبان کوبہترین ورکنگ ماحول فراہم کرنے کی ہرممکن کوشش کررہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں ججزریسٹ ہاوس گلگشت میں کامن ریسٹ ہاوس کاافتتاح کرتے ہوئے کیا۔بعدازاں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نیو جوڈیشل کمپلیکس متی تل گئے جہاں انہوں نے سول اورایڈیشنل سیشن ججزکے لئے مزیدزیرتعمیررہائش گاہوں کامعائنہ کیا۔
اس موقع پرایکسین بلڈنگ حیدرعلی نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ ملتان کے گزشتہ دورے کے موقع پرجوہدایات آپ کی جانب سے دی گئی تھیں ان کومدنظررکھتے ہوئے نئی زیرتعمیررہائشی عمارتوں پرکام آخری مراحل میں ہے، جلد انہیں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججزملتان کے حوالے کردیاجائےگا۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی نے کہاکہ ججزصاحبان کوبہترین ورکنگ ماحول فراہم کرنے کیلئے ہرممکن کوشش کررہے ہیں تاکہ وہ میرٹ پرفیصلے کریں اور اپنے اوپرکسی قسم کے دباوکومحسوس نہ کریں ۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے کہا کہ نیو جوڈیشل کمپلیکس متی تل ، ججزصاحبان کی رہائش گاہوں کے گرد سایہ داردرخت اور موسمی پھول پودے لگائے جائیں تاکہ ججزصاحبان کو بہترین آب وہوا میسرہو۔
اس موقع پر سینئرجج جسٹس علی ضیاءباجوہ ،سینئر رجسٹرارہائیکورٹ ملتان بینچ و ڈسٹرکٹ اینڈسیشن عدالت امجد علی شاہ ،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اکمل خان بھی چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے ہمراہ تھے۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ6روزہ دورہ پر ملتان آئے ہوئے ہیں۔











