میرپورخاص؛ضلعی انتظامیہ کی جانب سے یوم استحصال کشمیر پر ریلی ، بھارتی مظالم کی مذمت

17

میرپورخاص،05 اگست (اے پی پی): ملک بھر کی طرح میرپورخاص میں بھی ضلعی انتظامیہ میرپورخاص کی جانب سے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی اور مودی سرکار کی جانب سے کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف یوم استحصال کشمیر کے موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو پریم چند کی قیادت میں کمشنر کمپلیکس سے گلستان بلدیہ تک ریلی نکالی گئی جس میں اسٹنٹ کمشنر میرپورخاص غلام حسین کانیوں، ڈپٹی ڈائریکٹر سماجی بہبود جنید مرزا ،ڈپٹی ڈائریکٹرانفارمیشن غلام رضا کھوسو روینیو ،انفارمیشن تعلیمی اداروں کے ملازمین طلبہ و طالبات ، اساتذہ لیڈی ہیلتھ ورکرز اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو پریم چند اور دیگر مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی عوام کشمیری عوام پر ہونے والے مظالم پر ہمیشہ آواز اٹھاتی رہے گی  اور آج کا دن منانے کا مقصد بھی کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کرنے اور مودی سرکار کی کشمیری عوام پر ہونے والے مظالم کے خلاف احتجاج ریکارڈ کروانا ہے تاکہ دنیا کہ ہر ذی شعور افراد اور انسانی ہمدردی کا احساس رکھنے والے لوگوں تک مودی سرکار کی کشمیری عوام پر ہونے والے مظالم کا پتہ چل سکے۔انہوں نے  کہا کہ اقوام متحدہ کی کشمیر کی آزادی کے منظور قرارداد پر عملدرآمد ہونے پوری مسلم امہ کو مل کر آواز اٹھانی چاہیے تاکہ کشمیری عوام آزادی کے ساتھ رہ سکیں ۔